علی پارک ایکسٹینشن، مناظر علی سٹریٹ وملحقہ علاقوں میں بجلی بندش پرمکینوں کا احتجاج
لاہور( پ ر) وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی طرف سے رمضان المبارک میں شہریوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہم کرنے کے وعدہ برعکس اہلکاروں کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے لاہور کے علاقہ علی پارک ایکسٹینشن، مناظر علی سٹریٹ، بیدیاں روڈ، لاہور کینٹ میں عرصہ دراز سے خراب ٹرانسفارمر اور جگہ جگہ خطرناک حد تک لٹکتی ننگی تاروں نے اہل علاقہ کا جینا حرام کر دیا ہے۔ الفلاح ٹاؤن سب ڈویژن کے ایس ڈی او فیضان بٹ اور لائن سپرینٹنڈنٹ ثاقب فریاد سے بار بار اپیل اور تحریری درخواستوں کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ گذشتہ چھ ماہ کے دوران ان لٹکتی ہائی وولٹیج تاروں کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ علی پارک ایکسٹینشن کے رہائشی مکینوں نے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ، وفاقی وزیر بجلی و پانی خواجہ آصف اور لیسکو چیف قیصر زمان سے اپیل کی ہے کہ ان کی جانوں اور قیمتی املاک کے تحفظ کے پیش نظر علی پارک ایکسٹینشن، منظر علی سٹریٹ، بیدیاں روڈ، لاہور کینٹ کا خراب ٹرانسفارمر فوری طور پر تبدیل کر کے نیا ٹرانسفارمر مر نصب کیا جائے ۔