ننکانہ :9انتہائی خطرناک عمارتیں سیل۔25عمارتوں کے مالکان کو مرمت کے نوٹس جاری
ننکانہ صاحب( نمائندہ خصوصی)تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن شعبہ ریگولیشن نے تحصیل بھر میں 9عمارتوں کو انتہائی خطرناک قرار دیکر سیل کردیا جبکہ 25عمارتوں کے مالکان کو ایک ہفتہ کے اندر اندر اپنی اپنی عمارتیں مرمت کروانے کے نوٹس جاری کردئیے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ٹی ایم او ننکانہ صاحب چوہدری امجد ڈھلوں نے شعبہ ریگولیشن (خطرناک عمارات) کے سروے کے دوران ننکانہ صاحب شہر میں پانچ عمارتوں کو خطرناک قراردیکر سیل کردیا جبکہ چار عمارتوں کے مالکان کو فی الفور مرمت کرنے کے نوٹس جاری کردئیے۔قصبہ بچیکی ، منڈی فیض آباد اور واربرٹن میں چار عمارتوں کو انتہائی خطرناک قرار دیکر انہیں سیل کردیا جبکہ موڑکھنڈا، بچیکی ، منڈی فیض آباد اور واربرٹن میں 23عمارتوں کے مالکان اپنی عمارتیں فوری طور پر مرمت کروانے کے نوٹس جاری کردئیے ہیں ۔ تحصیل میونسپل آفیسر ننکانہ صاحب چوہدری امجد ڈھلوں نے صحافیوں کو بتایا کہ جن افراد کی عمارتوں کو سیل کیا گیا ہے وہ انتہائی خطرناک ہیں جو کسی وقت بھی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی تھیں جبکہ جن عمارتوں کو مالکان کو مرمت کے لئے نوٹس بھجوائے گئے ہیں ان کو ایک ہفتہ کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ اپنی عمارتیں مرمت کروالیں کیونکہ مذکورہ عمارتیں مکینوں و راہگیروں کے لئے خطرے کا موجب ہیں انہوں نے مزید کہا کہ اگر سات دن کے اندر اندر ان افراد نے از خود اپنی عمارتیں گرانے اور مرمت کا کام شروع نہ کیا تو آرڈیننس کی دفعہ 141(C) بمعہ خواندگی شمار نمبر 37اور 38ہشتم شیڈول کے تحت ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔