پنجاب حکومت سیاسی انتقام کیلئے پولیس کو استعمال کر رہی ہے ،عمرا ن خان
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ پنجاب حکومت سیاسی انتقام کے لیے پولیس کو استعمال کررہی ہے۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرپنجاب پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر اپنے بھانجوں کی گرفتاری اور تشدد پر شدید تنقید کی۔عمران خان نے اپنی ٹوئیٹ میں سوال کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوں پر تشدد کب سے کیا جانے لگا؟ انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ دونوں نوجوانوں پر صرف اس لیے تشدد کیا گیا کیوں کہ وہ ان کے بھانجے تھے۔جائے وقوع پر میڈیا کے فوراً پہنچ جانے کے معاملے کو "عجیب " قرار دیتے ہوئے عمران خان نے دعویٰ کیا کہ کہ اس واقعے کی پہلے سے منصوبہ بندی کی گئی تھی، جبکہ صوبائی پولیس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ "پنجاب پولیس گلو بن چکی ہے"۔عمران خان نے اپنے بھانجوں کو " نرم مزاج اورشائستہ نوجوان " قرار دیتے ہوئے ان کی تربیت پر فخر کا اظہار کیا، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے بھانجوں نے کبھی بھی ان سے تعلق کو اپنے ذاتی مفاد کے لیے استعمال نہیں کیا۔پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہ شرمناک ہے کہ کس طرح واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ان کی بہن کو فون کیا، کیوں کہ وہ اپنے صوبے کی پولیس کو درندہ بنانے کے ذمہ دار ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھانجوں پر تشدد کے معاملے پر وہ پنجاب حکومت کو بے نقاب کریں گے جو پولیس فورس کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔