کراچی ،بھتہ خورپھرسرگرم،پاک کالونی کے120دکانداروں کوپرچیاں موصول
کراچی(اے این این) کراچی میں عید سے پہلے بھتہ خور ایک بار پھر سرگرم ہوگئے ۔ کراچی کے علاقے پاک کالونی میں 120 دکانداروں کو بھتہ کی پرچیاں موصول ہوئی ہیں اور ساتھ ہی انہیں انتباہ بھی کیا گیا ہے ۔ بھتہ خوروں کی جانب سے دی جانے والی پرچی میں لکھا ہے کہ فی دکان 20 ہزار روپے دئیے جائیں ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یوٹیلٹی بلز کی طرح بھتہ دینے کی بھی آخری تاریخ اور جرمانے کا ذکر کیا گیا ہے۔ دھمکی آمیز پرچی میں تحریر ہے کہ بھتہ دینے کی آخری تاریخ 9 جولائی ہے تاریخ گزرنے کے بعد 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ بھتہ خوروں کا تعلق آغا ناصر، فیصل پٹھان اور کاشف بلوچ گروپ سے بیان کیا گیا ہے۔ پاک کالونی کے دکانداروں نے حکومت سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر تین میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے تین بھتہ خوروں کوگرفتار کرلیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھتہ خوروں کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔