عمران خان دھاندلی ثابت نہیں کر سکے، مسلم لیگ(ن)
اسلام آباد(اے این این) مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں زبیر عمر،طلال چوہدری اور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف انکوائری کمیشن میں دھاندلی کا ایک ثبوت بھی پیش نہیں کر سکی،کمیشن کی کارروائی میں ہماری جماعت کے موقف کو پزیرائی ملی ہے،عمران خان کا موقف بار بار تبدیل ہوتا رہا،عمران خان کو محفوظ راستہ دیا تھا جو انھیں راس نہیں آیا،خان صاحب دروغ گوئی اور بار بار یوٹرن کو تبدیلی سمجھتے ہیں۔انکوائری کمیشن میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے زبیر عمر نے کہا کہ کمیشن کی کارروائی میں ن لیگ کے موقف کی پزیرائی ہوئی۔ ہمیں خوشی ہے، ہمارے موقف کی پزیرائی ہوئی ہے۔ دھاندلی ہوتی تو ثابت ہوتی ۔عمران خان تبدیلی کا نعرہ لگا رہے تھے وہ سمجھتے تھے روز موقف بدلنا تبدیلی ہے، انھیں سیف راستہ دیا لیکن انھیں راس نہیں آیا۔ اب عوام ڈیل کرنے والوں کو معاف نہیں کریگی۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر اعجاز قابل اعتبار نہیں لیکن تحریک انصاف ان کے ذریعے دوبارہ 35پنکچر کا معاملہ اٹھا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف ا نتخابی دھاندلیوں کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی، انکوائری کمیشن کے سامنے پیش کئے گئے دلائل سے پاکستان مسلم لیگ ن کے اس موقف کی تصدیق ہوتی ہے کہ عام انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے ملک میں منصفانہ آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی طرف سے کئے گئے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی دلائل پیش کئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کواپنی پالیسی کا جائزہ لینا چاہیے اور حقیقی جمہوری پارٹی کی طرح کام کرنا چاہیے۔طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے انکوائری کمیشن کی کارروائی کے دوران تمام اداروں کی بالادستی کا مقدمہ لڑا ہے۔