خاتون کی درخواست پرڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر افسروں کو توہین عدالت کے نوٹس جاری
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ خاتون کی توہین عدالت کی درخواست پرڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے اور دیگر افسروں کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 14جولائی تک جواب طلب کر لیا۔مسٹر جسٹس عابد عزیز شیخ نے سلامت بی بی کی درخواست پر سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اس نے سکندر بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں واقع اپنے پلاٹ کی نشاندہی کے لئے درخواست دی تھی جس پر ہائیکورٹ نے ایک برس قبل فیصلے کا حکم دیا تھا مگر ایک برس گزرنے کے باوجود ایل ڈی اے حکام نے پلاٹ کی نشاندہی کی درخواست پر فیصلہ نہیں کیا، ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احد چیمہ، ڈائریکٹر لینڈ ڈویلپمنٹ تھری خواجہ توقیر، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ندیم حسن زیدی کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے اور دیگر افسروں سے 14جولائی تک جواب طلب کر لیاہے۔