برطانیہ میں مستقل رہائش کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے شرائط تبدیل کردی گئیں

لاہور (ویب ڈیسک) برطانیہ نے مستقل رہائش کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے درخواست دینے کا طریقہ کار تبدیل کردیا۔ 6 جولائی سے سیٹلمنٹ ویزوں کے حصول کے لئے تمام پاکستانیوں کی درخواستیں برطانیہ کے شہر شیفلڈ بھیجی جائیں گی جہاں ویزہ کیلئے مکمل پراسیس ہوگا۔ اس سے قبل یہ کاغذات پاکستان میں ہی جمع کرائے جاتے تھے اور ویزا پراسیس بھی برٹش ہائی کمیشن اسلام آباد ہی مکمل کیا جاتا تھا۔
نئے طریقہ کار کے تحت درخواست گزار کے تمام کاغذات جانچ پڑتال کیلئے برطانیہ بھیجے جائیں گے جبکہ پاسپورٹ پاکستان میں ہی رہیں گے کیونکہ عالمی قوانین کے مطابق کسی پاسپورٹ کو بغیراس کے حامل کے دوسرے ملک نہیں بھیجا جاسکتا۔ برطانوی حکومت کے اس فیصلے سے ہزاروں پاکستانی درخواست گزاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ایک درخواست گزار مسٹر قمر نے مقامی اخبار روزنامہ جنگ کو بتایا کہ کاغذات کے برطانیہ جانے سے کیسوں کے فیصلوں میں مزید تاخیر ہوگی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ برطانیہ پاکستانیوں کے لئے آئے دن نئے امیگریشن قوانین بنارہا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ عنقریب برطانوی شہریت حاصل کرنا پاکستانیوں کیلئے ناممکن بنادیا جائے گا۔
برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان نے اس حوالے سے اخبار سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ درخواستوں کے جمع کرانے کے طریقہ کار میں تبدیلی ورلڈ وائیڈ پروگرام کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ویزہ آپریشن کو مزید فعال بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔