پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال سے تین دن کا نومولو د غائب،ہسپتال انتظامیہ لاعلم،مقدمہ درج

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک )خیبر ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے تین دن کا نومولود غائب ہو گیا ہے اور ہسپتال انتظامیہ اس واقعہ سے مکمل لاعلم ہے ،پولیس نے مقدمہ درج کر کے انتطامیہ کے دو گارڈ ز اور دو خواتین کو حراست میں لے لیا ۔
تفصیلات کے مطابق بچے کے والد نعیم خان نے کہاہے کہ وہ کوہاٹ کا رہائشی ہے اور وہے اپنے تین دن کے بچے کو سانس کی تکلیف کے باعث ہسپتال لایا تھا اور جب دوائیاں لینے کیلئے باہر گیا اور کچھ دیر میں واپس آیا تو نرس نے کہا کہ تمھارا بچہ نہیں ہے۔جس وارڈ میں بچے کو رکھا گیا تھا وہاں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ مکمل طورپر ممنوع ہے لیکن اس کے باوجود بھی بچا غائب ہو گیاہے اور انتظامیہ نے اس سے متعلق لاعلمی کااظہار کر دیاہے۔بچے کے چچا نعیم خان کا کہناہے کہ انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے بچے کا کچھ پتہ نہیں ہے کہ وہاں کہا چلا گیاہے ،انہوں نے کہا کہ بچے کو زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیاہے۔
بچے کے چچا کی درخواست پر پولیس نے ہسپتال کیخلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ابتدائی طور پر ہسپتال سے فوٹیج حاصل کر لی ہے اور انتظامیہ کے دوگارڈز اور دو خاتونوں کو حراست میں لے لیاہے ۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہناہے کہ تفتیش کا آغاز کر دی گیاہے جس سے ابتدائی طور پر معلوم ہو اہے کہ بچے کے غائب ہونے سے قبل ایک غیر متعلقہ خاتون وارڈ کے اندر داخل ہو ئی تھی جس کے بعد بچہ بھی اپنی جگہ پر نہیں پایا گیا ،تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اس لیے جلد پتہ لگا لیا جائے گا کہ بچہ کس کے پاس ہے اور وہ اندر داخل ہونے والی خاتون کون تھی۔