ڈاکٹر مجاہد کامران کے خلاف خاتون لیکچرار کی درخواست بحال

لاہور (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران کے خلاف خاتون لیکچرار کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کی عدم پیروی کی بناءپر خارج کی گئی درخواست بحال کردی۔ جسٹس فرخ عرفان خان کی عدالت میں درخواست گزار خاتون لیکچرار خجستہ ریحان نے پیش ہوکر بتایا کہ انہیں ان کے وکیل کے ذریعے عدالت میں کیس کی سماعت کی تاریخ کے بارے میں مطلع نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش ہوکر اپنے کیس کی پیروی نہ کرسکیں۔ خجستہ ریحان نے بتایا کہ عدالت کے عدم پیروی کی بناءپر درخواست خارج کرتے ہوئے وائس چانسلر نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے اسے پنجاب یونیورسٹی کے وارڈن گرلز ہوسٹل نمبر 3 کے عہدے سے بھی معطل کردیا اور گھر خالی کرنے کیلئے بھی دباﺅ ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ وہ کیس کی خود پیروری کرنا چاہتی ہیں، درخواست کو بحال کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت ستمبر تک ملتوی کردی۔