دنیا کی واحد خاتون جس کے پاس پاسپورٹ نہیں لیکن پھر بھی ہر ملک کا سفر کر سکتی ہے

لندن (نیوز ڈیسک) جدید دور میں کسی بھی ملک کے کسی بھی شہری کیلئے دیگر ممالک کا سفر اسی صورت میں ممکن ہے جب وہ پاسپورٹ رکھتا ہو، چاہے وہ کوئی عام آدمی ہو یا کوئی سربراہ مملکت، لیکن ملکہ برطانیہ وہ شخصیت ہیں کہ جنہیں بیرون ملک سفر کیلئے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں۔
برطانوی پاسپورٹ کے پہلے صفحے پر یہ تحریر رقم ہے:
ملکہ عالیہ کا سیکرٹری آف سٹیٹ ملکہ عالیہ کے نام پر آپ سے درخواست کرتا ہے کہ اس دستاویز رکھنے والے کو بغیر کسی رکاوٹ کے گزرنے کی اجازت دی جائے اور ضروری مدد اور تحفظ فراہم کی جائے۔
چونکہ برطانوی پاسپورٹ ملکہ کے نام سے جاری کیا جاتا ہے لہٰذا خود ملکہ کیلئے پاسپورٹ رکھنا ضروری نہیں۔ برطانوی شاہی خاندان کے دیگر تمام افراد، تمام شہزادوں اور شہزادیوں کیلئے پاسپورٹ ضروری ہے۔ دولت مشترکہ کے ممالک میں ریاست کے گورنر جنرل کی طرف سے بطور ملکہ کے نمائندہ کے درخواست کی جاتی ہے، جبکہ کینیڈا میں وزیر امور خارجہ کے نام سے درخواست کی جاتی ہے، تاکہ ملکہ پاسپورٹ کے بغیر سفر کرسکیں۔