5 جولائی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ، نام نہاد جہاد قوم کے لیے نقصان کا باعث بنا : آصف زرداری

دبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے 5 جولائی کے حوالے سے جاری بیان میں کہا ہے کہ یہ دن ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب منتخب وزیر اعظم کی حکومت کا تختہ الٹا گیا تھا ۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آمریت کے ادوار نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور جنرل ضیاءکے دور میں شروع کیے جانے والا نام نہاد جہاد قوم کے لیے نقصان کا باعث بنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذہب کو ذاتی مذموم عزائم کے لیے مذہب کا استعمال کیا گیا ہے لیکن ہم سب کو مذہبی انتہاءپسندوں کی سوچ سے مل کر لڑنا ہو گا ۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ایک آمر نے منتخب وزیر اعظم کو پھانسی دے کر آئین کو پامال کیا گیا اور انہی وجوہات کی بناءپر آج ہمارے ملک کو سالمیت کے خطرات لاحق ہیں ۔ یاد رہے 5 جولائی 1977 ءکو جنرل ضیاءالحق نے ملک کے منتخب وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو ان کے عہدے سے ہٹا کر ملک میں مارشل لاءکا نفاذ کر دیا تھا ۔