امجد بخاری کی بے جا مداخلت پر پی ٹی وی ملازمین پریشانی کا شکار

امجد بخاری کی بے جا مداخلت پر پی ٹی وی ملازمین پریشانی کا شکار

  

لاہور(فلم رپورٹر )پاکستان ٹیلی وژن کے پروگرام کنسلٹنٹ امجد بخاری کی بے جا مداخلت سے قومی چینل کے کارکنان پریشانی کا شکار ہوگئے تفصیلات کے مطابق امجد بخاری پی ٹی وی کے تمام مرزکز کے جنرل منیجرز کے کاموں میں مسلسل مداخلت کررہے ہیں جس کے باعث ان کی کارکردگی متاثر ہوررہی ہے کراچی مرکز کی جنرل منیجر عفیفہ الحسینی تو ان کی مداخلت کی وجہ سے رو پڑیں ۔ذرائع کے مطابق یہ شخص مختلف شعبوں میں ہونے والے تبادلوں میں بھی دخل اندازی کررہا ہے ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس شخص کو چیئرمین اور ایم ڈی پی ٹی وی کی سرپرستی حاصل ہے ۔اس خبر کے حوالے سے جب ایم ڈی پی ٹی وی عمران گردیزی سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ہمارا ادارہ ہر کام قانون کے دائرے میں رہ کر کرتا ہے جب سے میں نے اس ادارے کی باگ ڈور سنبھالی ہے میرا ایک ہی مشن ہے ہے کہ یہ ترقی کرے اور ہم اس میں بہت حد تک کامیاب بھی ہوچکے ہیں اگر کوئی شخص اختیارات سے تجاوز کرتا ہے تو اس کو ایسا کرنے سے روکا جائے گا۔چیئر مین عطاء الحق قاسمی بھی پی ٹی وی کی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔عطاء الحق قاسمی نے کہا کہ خبرکے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کروں گا آپ خبر لگا دیں۔ اس بارے میں کراچی مرکز کی جی ایم عفیفہ الحسینی سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں اس وقت بہت تناؤ کا شکارہوں میری ریٹائرمنٹ میں بہت تھوڑا وقت رہ گیا ہے اس لئے میں کسی قسم کی بات نہیں کرنا چاہتی البتہ اگر ایم ڈی صاحب کوئی بات کریں تو میں ان سے ضرور کچھ کہنا چاہوں گی۔اس بارے میں امجد بخاری کا کہنا ہے کہ میرا پی ٹی وی کے انتظامی امور سے کوئی تعلق نہیں ہے میں کیوں کسی کے کام میں مداخلت کروں گا۔ اس بارے میں پی ٹی وی لاہور مرکز کے کارکنان کا کہنا ہے کہ عطاء الحق قاسمی اور عمران گردیزی کے آنے کے بعد قومی چینل مسلسل ترقی اور کامیابی کی جانب گامزن ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ دونوں اس ادارہ کو عروج اور ترقی کی جانب لے جائیں گے ۔

مزید :

کلچر -