برطانوی ریفرنڈم ، پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدات میں کمی کا خدشہ
کراچی(اکنامک رپورٹر) یورپی یونین سے لاتعلقی کے برطانوی ریفرنڈم نے دنیا بھر کی معیشتوں کو لزرا کر رکھ دیا ہے ، پاکستان کو بھی اپنی برآمدات کی موجودہ سطح برقرار رکھنے میں مشکلات نظر آرہی ہیں۔برطانیہ کا یورپی یونین سے نکلنے کے خلاف توقع فیصلہ نے پوری دنیا کی معیشتوں کو زور کا جھٹکا دیا۔ تمام سٹاک مارکیٹوں میں مندی کے رحجان کے بعد برطانیہ میں پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدات میں بھی کمی کا خطرہ پیدا ہو گیا۔برآمد کنندگان اور صنعت کار پریشان ہیں کہ برطانوی ریفرنڈم کے بعد عالمی معیشت کی صورت حال پل پل بدل رہی ہے۔ بے یقینی نے ذہنی اذیت اور بڑھا دی ہے۔برطانیہ پاکستانی برآمدات کی چوتھی بڑی منڈی ہے۔برطانوی معیشت سے یورپی سرمایہ کار نکل گئے تو پاکستانی مصنوعات اور خدمات کی برآمدات سکڑنے کا خدشہ ہے۔