ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن کا آئندہ سال کے لئے 670ملین روپے کا بجٹ منظور

ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن کا آئندہ سال کے لئے 670ملین روپے کا بجٹ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (آن لائن)خیبر پختونخوا کی وزیر محنت اور معدنی ترقی انیسہ زیب طاہر خیلی کی زیر صدارت پشاور میں ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن ( ای ایس ایس آئی ) کی گورننگ باڈی کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ادارے کی آئندہ سال کے لئے بجٹ کی منظوری سمیت دیگر متعدد فیصلے کئے گئے ۔ منعقدہ اجلاس میں سیکرٹری محنت سید عالمگیر شاہ اور ڈائریکٹر جنرل ای ایس ایس آئی انور خان کے علاوہ محکمہ ہائے صحت اور خزانہ کے نمائندوں اور گورننگ باڈی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ای ایس ایس آئی کے لئے آئندہ مالی سال کا تقریباً670ملین روپے کا بجٹ اور ادارے کے کلاس فور ملازمین کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی گئی ۔ مزید براں ای ایس ایس آئی کے ہیڈ آفس کے لئے حیات آباد میں حاصل کی گئی اراضی پر دفتر کی تعمیر کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا جبکہ گورننگ باڈی نے ایسے ڈیفالٹر صنعتی یونٹس جن کے ذمے ای ایس ایس آئی کے محنت کشوں کے لئے صحت کے سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں واجب الادا بقایاجات تاحال باقی ہیں اور وہ ان کی ادائیگی نہیں کر رہے ہیں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ۔
اجلاس میں وزیر محنت انیسہ زیب طاہر خیلی نے ہدایت کی کہ صنعتی یونٹس کے ذمہ واجب الادا رقوم کے حصول کے لئے جامع طریقہ کار وضع کیا جائے اور اس ضمن میں سوشل سکیورٹی کے فیلڈ افسران کو زیادہ مراعات دئیے جائیں تاکہ وہ ان بقایاجات کی وصولی کو جلد از جلد یقینی بنائے ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ حطار میں ای ایس ایس آئی کے میڈیکل یونٹ کو اپ گریڈ کرنے کے لئے فیزیبلٹی رپورٹ تیار کیا جائے اور گورننگ باڈی کے آئندہ اجلاس میں اس کے ورکنگ پیپر بھی پیش کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ای ایس ایس آئی محنت کشوں کی طبی سہولیات کے لئے ایک موثر ادارے کے طور پر کام کر رہا ہے اور اس کو مزید فعال بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔

مزید :

کامرس -