قومی ٹیم ایشین جونیئر والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 6 جولائی کو تائیوان روانہ ہو
اسلام آباد (اے پی پی) قومی ٹیم ایشین جونیئر والی بال چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 6 جولائی کو تائیوان روانہ ہو گی۔ ایونٹ 9 سے 17 جولائی تک کھیلا جائے گا جس میں 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ پاکستان والی بال فیڈریشن (پی وی ایف) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق قومی ٹیم کپتان عمر چینہ، محمد وسیم، فاروق خان، عثمان فرید، محمد اویس، شاہ زیب خان، شہریار خان، فہد خان، محمد عبید، محمد نبیل، عطا اللہ اور محمد ندیم لبرو پر مشتمل ہے۔ ٹیم کے ہمراہ ہیڈ کوچ مظہر حسین گجر جبکہ اسسٹنٹ کوچز خالد وقار اور محمد اکرم ہونگے، منیجر کے فرائض عابد مجید انجام دیں گے۔ قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مظہر حسین گجر کے مطابق کھلاڑی میگا چیمپئن شپ کی تیاری کے سلسلے میں سخت تیاریوں میں مصروف ہیں، امید ہے کہ گرین شرٹس چیمپئن شپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بہترین نتائج کے ساتھ وطن لوٹے گی۔