حکمران نا اہلیوں کو چھپانے کیلئے دوسروں پربلا جواز تنقید کر رہے ہیں،ولید اقبال

حکمران نا اہلیوں کو چھپانے کیلئے دوسروں پربلا جواز تنقید کر رہے ہیں،ولید ...

  

لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹکل کمیٹی کے ممبر ولید اقبال نے کہا ہے کہ حکمران اپنی کرپشن اور نا اہلیوں کو چھپانے کیلئے دوسروں پربلا جواز تنقید کر رہے ہیں اور پانامہ لیکس سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیںیہ چور مچائے شور کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں مگر انہیں نا کامی کا سامنا کرنا پڑے گا اورعوام کے ساتھ کیے گئے ہر ظلم کا حساب دینا ہو گا ۔ گزشتہ روز اپنے جاری کردہ بیان میں ولید اقبال نے کہا کہ (ن) لیگ کے قائدین نے عوام سے ہمیشہ جھوٹ بولا ہے انہوں نے قوم سے عام انتخابات میں جو وعدے کیے تھے ان میں سے کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا وہ قوم سے کب معافی مانگ رہے ہیں؟ ۔

پوری قوم ان جھوٹے حکمرانوں کی جانب سے معافی کی منتظر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف دوسروں پر الزامات لگانے کی بجائے سوئس بینکوں سے پیسے واپس لانے اور 6 ماہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا اپنا وعدہ پورا نا کرنے پر قوم سے معافی مانگیں اور آئیندہ جھوٹ بولنے سے بھی توبہ کریں کیونکہ قوم انکی شو بازیوں اور جھوٹ سے اچھی طرح واقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور انکے درباری لاہور سے بھی باہر نکلیں تاکہ انہیں نظر آئے کہ پنجاب کی عوام کی حالت ذار اور زمینی حقائق کیاہیں، فوٹو سیشن اور سیاسی بھڑکیں لگانے سے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے اسکے لیے جامع اور مستقل پالیسیاں بنانا پڑیں گی جو موجودہ نا اہل حکمرانوں کے بس کی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عوام کی طاقت سے ان کرپشن، منی لانڈرنگ، کمیشن اورچھانگا مانگا کی سیاست کرنے بانی سیاست دانوں کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر پھینکے گی او راحتساب کیلئے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے گی اور اس مرتبہ انہیں جدہ فرار ہونے نہیں دیا جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -