دہشت گرد انسانیت، دین اسلام ، پاکستان اور تعلیم کے دُشمن ہیں،افتخار حسین
لاہور (نمائندہ خصوصی )ہیومن رائٹس ویلفیئر فورم کے صدرافتخارحسین نے کہا ہے کہ دہشت گرد انسانیت، دین اسلام ، پاکستان اور تعلیم کے دُشمن ہیں، دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے پوری قوم کو متحد ہو کر افواج پاکستان کو بھر پور سپورٹ کرنا ہوگا کیونکہ جنرل راحیل شریف کی قیادت میں پاک فوج پاکستان کی بقاء و سلامتی اور روشن مستقبل کیلئے دہشت گردوں سے جنگ لڑرہی ہے۔گذشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے بہادر آفیسر ز اور جوان ہمارے معاشرے کے ماتھے کا جھومر ہیں اور ہمارے قومی ہیرو ہیں ہمیں ان پر فخر ہے ۔ہیومن رائٹس ویلفیئر فورم کے صدرافتخارحسین نے قوم سے اپیل کی کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کی کامیابی کیلئے دُعا کرے ۔