پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ سے ہوٹل مالکان مشکلات سے دوچا ر ہیں،واحد کاشمیری

پراپرٹی ٹیکس میں اضافہ سے ہوٹل مالکان مشکلات سے دوچا ر ہیں،واحد کاشمیری

  

لاہور(پ ر) ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین واحد کاشمیری نے افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے گیس ، بجلی ، پانی کے بعد پراپرٹی ٹیکس میں پچھلے سال کی طرح اس بار بھی 10فیصد اضافہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے ہوٹل کے کرایہ داران کو مالکان نے پراپرٹی کرایہ میں اضافہ کرنے کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ اس پر تاجر برادری پریشان حال نظر آ رہی ہے۔ یہ اقدامات ہوٹل مالکان کے لئے ناقابل برداشت ہیں۔ واحد کاشمیری نے کہا کہ سستا رمضان بازار قائم کرنے کے باوجود 30سے 40فیصد دالوں، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں اضافہ رہا ہے۔ حکومت سستے رمضان بازاروں میں ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے ۔ واحد کاشمیری نے کہا کہ چھوٹا گوشت پانی والا 800روپے کلو اور بڑا گوشت پانی والا بمہ ہڈی، چربی 325روپے میں سرعام فروخت ہو رہا ہے۔ ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) عثمان نے شیر فروش، چھوٹا اور بڑا گوشت فروخت کرنے والوں کا نوٹیفیکیشن جاری تو کر دیا ہے مگر اس پر عملدرآمد کرانے کی کبھی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے پنجاب حکومت اور ڈی سی او سے مطالبہ کیا کہ عید کے بعد 100گرام وزن روٹی کی قیمت 8روپے اور 100گرام وزن نان کی قیمت 10روپے مقرر کرنے کا نوٹیفیکیشن فوری طور پر جاری کیا جائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -