عوام کے نا م پر شروع کئے جانے والے درجنوں منصوبے قصہ پارینہ بن گئے،مسرت جمشید
لاہور(پ ز) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عوام کے نام پر شروع کئے جانے والے سستی روٹی اور آشیانہ ہاؤسنگ سکیموں جیسے درجنوں منصوبے قصہ پارینہ بن چکے ہیں ،(ن) لیگ کی حکومت ناکامیوں کے اپنے ہی ریکارڈ توڑرہی ہے ،حکومت نے پانامہ لیکس کیخلاف اپوزیشن کے اتحاد میں رخنہ ڈالنے کیلئے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے جسے ناکام بنا دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر غازی آباداور فتح گڑھ سے تعلق رکھنے والی پارٹی خواتین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے انتخابی مہم کے دوران کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا بلکہ اپنے منشور کو بھی سمندر برد کر دیا ہے ۔ آج حالات یہ ہیں کہ صوبائی دارالحکومت جیسے شہر میں بسنے والوں کو پینے کے صاف پانی ، تعلیم اور صحت کی سہولیات میسر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے اقتدار پر قابض ٹولہ عوام کو شعور اور آگاہی سے دور رکھنا چاہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ عمران خان کی تحریک کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں۔