ڈرون حملوں میں ہزاروں بیگناہ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں،میاں مقصود

ڈرون حملوں میں ہزاروں بیگناہ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں،میاں مقصود

  

لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے اوباماانتظامیہ کی جانب سے ڈرون حملوں کے حوالے سے جاری کردہ اعداد وشمار کومسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں400سے زائد ڈرون حملوں میں ہزروں بے گناہ افرادمعصوم بچے اور خواتین لقمہ اجل بن چکے ہیں۔امریکی انتظامیہ کی اس حوالے سے غلط بیانی دنیا کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈرون حملے پاکستان کی سلامتی پر بڑاسوالیہ نشان ہیں۔حکومت پاکستان کو اس حوالے سے اپنی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں60ہزار سے زائد شہریوں،5ہزارفوجی جوانوں اور110ارب روپے کامعاشی نقصان برداشت کیا ہے اتنی بڑی قربانی امریکہ سمیت کسی اور ملک نے نہیں دی۔امریکہ اور اس کے 24اتحادی ممالک کی افواج مسلسل پندرہ سال تک جدیدترین ٹیکنالوجی استعمال کرنے کے باوجود دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی قابل ذکرفتح حاصل نہیں کرسکی۔امریکہ کاباربارڈومور کامطالبہ پاکستان کے کردار کو شک کی نظر سے دیکھنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ ایک جانب پاکستان اور چین کے خلاف بھارت کی سرپرستی کررہا ہے تودوسری جانب وہ سی آئی اے اور راء کے ذریعے جنوبی ایشیا کے حالات کو خراب کررہا ہے۔پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کڑیاں امریکی سی آئی اے،بھارت کی راء اوراسرائیل کی موسادسے ملتی ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -