اورنج ٹرین منصوبہ پاک ،چین دوستی کی روشن مثال ہے،میاں عرفان دولتانہ
لاہور(پ ر) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ اور نج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے بارے میں بعض سیاسی عناصر کی طرف سے پراپیگنڈے کے باوجود چین کی قیادت نے منصوبے کیلئے مزید فنڈز فراہم کرکے پاکستان کے ساتھ دوستی کا بھرپور حق نبھایا ہے۔ اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ بلاشبہ پا ک چین دوستی کی درخشاں مثال ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے دونوں ممالک کے مابین دوستی اور تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ چین کی طرف سے منصوبے کیلئے تسلسل کے ساتھ رقم کا اجراء عام آدمی کے اس منصوبے پر تنقید کرنے والوں کیلئے ایک سبق ہے۔لاہور اورنج لائن میٹروٹرین پاکستان کی تاریخ کا منفرد اور بڑا منصوبہ ہے جس میں غریب قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔ مفاد عامہ کے اس عظیم الشان منصوبے کی مخالفت دراصل عام آدمی کی خوشحالی کی مخالفت ہے۔ عام آدمی کا ائیر کنڈیشنڈ اور آرام دہ ٹرانسپورٹ پر پورا حق ہے اور پنجاب حکومت میٹرو بس سروس اور میٹرو ٹرین جیسے شاہکار منصوبے بنا کر یہ حق انہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور عالمی معیار کی سفری سہولتوں کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے تحت حکومت عوام کو معیاری، آرام دہ، محفوظ اور باکفایت سفری سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے صرف کر رہی ہے۔