بنکوں کی عمارتوں سے متحدہ کے دفاتر ختم کرائیں، رینجرز کا سٹیٹ بنک کو خط
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ رینجرز کی جانب سے اسٹیٹ بنک اور نیشنل بنک کو لکھے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ بنکوں کی عمارتوں میں متحدہ کے دفاتر ختم کرائیں، دفاتر اور عہدیداروں کا تعلق ایم کیو ایم کے عسکری ونگ سے بھی ہے۔ سندھ رینجرز کی جانب سے اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کو ایک خط لکھا گیا ہے۔ خط میں سیاسی جماعت کی جانب سے بنکوں اور ان کی عمارتوں کے غیرقانونی استعمال کو روکنے کی درخواست کی گئی ہے۔ خط کے متن کے مطابق، ایم کیو ایم نے کئی برسوں سے مختلف بنکوں میں اپنے دفاتر قائم کر رکھے ہیں۔ ان دفاتر اور عہدیداروں کا تعلق پارٹی کے عسکری ونگ سے بھی ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے کراچی بدامنی کیس میں بھی سرکاری محکموں اور بنکوں میں اس طرح کی سرگرمیوں کا تذکرہ کیا ہے، لہٰذا بنکوں کی عمارات اور برانچوں کے غیرضروری استعمال کو روکنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی قسم کی مزاہمت کی صورت میں رینجرز فوری طور پر مدد کے لئے دستیاب ہو گی