ننکانہ: گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ، خاتون جاں بحق

ننکانہ: گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ، خاتون جاں بحق

  

ننکانہ صاحب( نمائندہ خصوصی)گیس لیکج کے باعث چولہا جلاتے ہوئے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجہ میں ، خاتون جاں بحق جبکہ اس کا خاوند جھلس کر شدید زخمی ہوگیاجو زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔تفصیلات کے مطابق وارڈ نمبر 13 ریلوے روڈ ننکانہ صاحب کے رہائشی واپڈا ملازم غلام باری کی چھ ماہ قبل شاد ی ہوئی تھی اور وہ اپنی بیوی شمائلہ کے ہمراہ گھر میں موجود تھا کہ اس بیوی شمائلہ بی بی نے کھانا پکانے کے لئے جیسے ہی چولہا جلایا تو گیس کی لیکج کے باعث کچن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیاآگ لگنے سے شمائلہ بی بی اور اس کا خاوند بری طرح جھلس گئے شمائلہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقعہ پر ہی دم توڑ گئی۔

مقامی لوگوں نے گھر سے آگ اور دھواں نکلتے دیکھ کر ریسکیو1122 کو اطلاع کردی جنہوں نے گھر کے دروازے اور کھڑکیاں توڑ کر آگ بجھائی اور زخمی غلام بار ی کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے ہسپتال میں برن یونٹ نہ ہونے کے باعث غلام باری کو تشویشناک حالت کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کردیاگیا جہاں اس کی حالت نازک بیان کی جارہی ہے ڈاکٹروں کے مطابق زخمی نوجوان کا جسم 80فیصد سے زائد جھلس چکا ہے ، آگ لگنے سے گھر میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی جل کر خاکستر ہوگیا بتایا جاتا ہے کہ غلام باری رورل سب ڈویژن ننکانہ صاحب میں بطور میٹر ریڈر تعینات تھا اور وہ نواحی گاؤں کوٹ عمر کا مستقل رہائشی تھا اس نے گھریلو ناچاقی پر اپنی پہلی بیوی کو طلاق دیکر چند ماہ قبل شمائلہ بی بی سے شادی کی تھی اور وہ وارڈ نمبر 13ننکانہ صاحب میں کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر تھا۔

مزید :

علاقائی -