عید قریب آتے ہی ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا

عید قریب آتے ہی ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا

  

لاہور(وقائع نگار) عید قریب آتے ہی ڈاکوؤں اور چوروں نے بھی لنگوٹ کس لیے، شہر میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں دکانیں محفوظ ہیں اور نہ ہی سڑکیں اور چوراہے۔ لاہور پولیس کی طرف سے شہریوں کو ڈاکوؤں اور چوروں سے محفوظ رکھنے کیلئے فول پروف سیکیورٹی کے دعوے تو بہت کئے جاتے ہیں مگر عملی طور پر شہر میں ڈاکو راج ہی نافذ ہے۔ گارڈن ٹاؤن کے علاقے برکت مارکیٹ میں چوروں نے دو جنرل سٹوروں پر ہاتھ صاف کئے، پہلے چیئرمین گلبرگ بورڈ حافظ امیر علی اعوان کے حاجی جنرل سٹور سے اڑھائی لاکھ نقدی ، موبائل کارڈ اور دیگر قیمتی اشیا لے کر فرار ہوگئے۔دوسری جانب وسیم جنرل سٹور کے تالے توڑ کر چور ساڑھے چھ لاکھ نقدی ، موبائل کارڈ اور دیگر اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے۔ متاثرہ مالک وسیم نے بتایا کہ سحری کے وقت سٹور بند کیا،صبح پتہ چلا کہ واردات ہوچکی ہے۔ادھر چونگی امرسدھو بازار میں کپڑے کی دکان سے چور ہزاروں مالیت کے کپڑے لے گئے۔ ٹاؤن شپ میں شہری وقار کے گھر سے نقدی اور سامان جبکہ نواب ٹاؤن کے علاقے شیر شاہ کالونی میں شہری رضوان سے گن پوائنٹ پر نقدی چھین لی گئی۔

مزید :

علاقائی -