ریسکیو کیڈٹس ایمرجنسی سروسزاکیڈمی میںِ تربیت لیتے ہوئے عیدمنائیں گے

ریسکیو کیڈٹس ایمرجنسی سروسزاکیڈمی میںِ تربیت لیتے ہوئے عیدمنائیں گے

  

لاہور(وقائع نگار) ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسزاکیڈمی (ریسکیو 1122)بریگیڈئر (ر)امیر حمزہ کی ہدایات کے مطابق، اکیڈمی میں زیرِ تربیت ریسکیو کیڈٹس نے اپنی عید نیشنل سنٹر آف ایکسیلنس میں ڈزاسٹر منیجمنٹ کی تربیت بشمول اربن سرچ اینڈ ریسکیو ، فائر فائٹنگ، میڈیکل ، فلڈ منیجمنٹ اور دیگر اقسام کی تربیت کرتے ہوئے منائیں گے۔ ڈزاسٹر ریسپانس فورس ایمرجنسی آلات اور بھاری مشینری کے ساتھ اس موقع پر ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں تعینات اور ہائی الرٹ پر رہے گی اور کسی ناگہانی آفت کی صورت میں بروقت ریسپانڈ کرے گی۔ بریگیڈئر امیر حمزہ نے مزید کہا کہ متوقع سیلاب اور مون سون کے موسم کے پیشِ نظر ، زیر تربیت کیڈٹس کوسیلاب میں ایمرجنسی متاثرین کو سرچ اور ریسکیو کرنے کی تربیت فراہم کی گئی ہے اور سکوبا ڈائیونگ کے ذریعے گہرے کنووں اور جگہوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کی مشقیں کرائی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈزاسٹر ریسپانس فورس اور ریسکیورز کو منظم اندازتیراکی اور بوٹ آپریشن کی تربیت دی گئی ہے اور وہ پہلے سے بہتر تیار ہیں۔ عید الفطر کے موقع پر کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی بریگیڈئر امیر حمزہ نے کہا کہ ایسے خوشیوں کے مواقع پر ہمیں ذہن نشین کرنا چاہئے کہ ہم انسانیت کی خدمت کریں گے اور دوسروں کی خوشیوں کا خیال رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی سب سے بڑی ایمرجنسی سروس کا حصہ ہیں جس کے ذریعے ہم معزز طریقے سے روزی کمارہے ہیں اور روزِ آخرت میں بھی ثواب کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیورز وطن عزیز کے شہریوں کی زندگیوں کی جانوں کو محفوظ بنانے والے ہیں اور اس مقصد کے لئے ہم انہیں یہاں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں بہتر سے بہترین تربیت فراہم کررہے ہیں۔

مزید :

علاقائی -