پولیس اہلکارتھانوں میں سرعام ’’عیدی ‘‘وصول کرنے لگے ، اے ایس آئی کی فوٹیج منظر عام پر آگئی

پولیس اہلکارتھانوں میں سرعام ’’عیدی ‘‘وصول کرنے لگے ، اے ایس آئی کی فوٹیج ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب کا نئے تھانہ کلچر کا خواب چکنا چور ہوگیا، پولیس اہلکار ناکوں کے بعد اب تھانوں میں بھی شہریوں سے سرعام عیدی وصول کررہے ہیں۔ لیاقت آباد کے اے ایس آئی جہانگیر نے مقدمہ کے اندراج کے لیے آنے والے شہری سے مبینہ طور پر ڈیڑھ ہزارروپے وصول کرلئے۔تفصیلات کے مطابق لاہورپولیس کے تھانہ کلچر میں تبدیلی کے بلند وبالا دعوے ایک طرف لیکن پولیس اہلکاروں کی آئے روز سامنے آنے والی فوٹیج سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ تھانوں میں رشوت ستانی ختم نہیں ہورہی۔تھانہ لیاقت آباد کے اے ایس آئی جہانگیر کی شہری وقاص سے پیسے لینے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتاہے اور سنائی بھی دے رہا ہے کہ اے ایس آئی جہانگیرشہری کو کہتا کہ اسکو فیس دو جس پر شہری پہلے ایک ہزار دیتا ہے تو مزیدرقم طلب کرتا ہے جس پر شہری پانچ سوروپے مزید دیتا ہے۔شہری وقاص کا کہنا ہے کہ اے ایس آئی جہانگیر نے اس سے فیس کے نام پر پیسے طلب کیے جس پر اس نے ڈیڑھ ہزار روپے دے دئے۔دوسری جانب ڈی آئی جی ڈاکٹر حیدر اشرف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس آئی کو فوری طور پر معطل کر کے مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کر دئے ہیں۔پولیس میں آئے روز رشوت لینے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ جب تک پولیس میں موجود ایسی کالی بھیڑوں کو عبرت کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا تب تک ایسے واقعات کی روک تھام ممکن نظر نہیںآتی۔

مزید :

علاقائی -