احتجاج کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں،حمزہ شہباز

احتجاج کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں،حمزہ شہباز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ احتجاج کرنے والے پہلے اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔ ان کی چوردروازے سے اقتدار میں آنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔ آف شور کمپنیوں پر احتجاج کرنے والے خود اور ان کے ساتھی ان کمپنیوں کے مالک ہیں۔ میاں محمدنوازشریف نے اپنا فرض پورا کر دیا ہے۔ اب کسی ایک ذات کا نہیں سب کا بے لاگ احتساب ہونا چاہیے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ میں نہ مانوں اور پہلے کون؟ یہ سب بچوں والی باتیں ہیں۔ قوم جانتی ہے کہ سوئٹزرلینڈ کے اکاؤنٹس اور سرے محل کی ملکیت کا پہلے انکار اور پھر اقرار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے عوام عمران خان کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ بہتر ہے کہ وہ ان کے مسائل سنیں اور اپنا فرض وہاں پورا کریں جہاں انہیں مینڈیٹ ملا ہے اور ہمیں عوام کی خدمت اور پہاڑ جیسے مسائل حل کرنے کا کام کرنے دیں۔ حمزہ شہبازنے سندس فاؤنڈیشن کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کشتی کا بیڑا پار لگانا ہمارا فرض ہے۔ 2018ء میں میدان سجے گا تو دیکھیں گے کہ کس نے وزیراعظم بننا ہے؟ پاکستان کی بہتری کے لئے ہزاروں وزارت عظمیٰ قربان کی جا سکتی ہیں۔ عمران خان کو یاد رکھنا چاہیے کہ عوام کی خدمت کے لئے جلاوطنی‘ جیلیں اور محرومیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ الزام تراشی کی بجائے خدمت کو اپنانا پڑتا ہے۔ بہتر ہے کہ وہ کے پی کے کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھیں اور ہٹ دھرمی اور احتجاج کی سیاست ترک کر دیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ لوڈشیڈنگ کو 16گھنٹے سے کم کر کے 6گھنٹے کس نے کیا؟ کراچی کے حالات‘ دہشت گردی و بھتہ خوری میں کمی کس نے کی؟ پاکستان کے لئے 42ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کون لایا؟ اور اس میں ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت نہیں ہوئی۔ حمزہ شہباز نے سندس فاؤنڈیشن کے لئے پنجاب حکومت کی طرف سے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا اور اس ادارے کی اپنی بلڈنگ کے لئے جگہ فراہم کرنے اور تھیلیسیمیا میں مبتلا مریض بچوں کے لئے موبائل یونٹ کے قیام کا جائزہ لینے کا وعدہ کیا۔ حمزہ شہبازنے کہا کہ سندس فاؤنڈیشن جیسے ادارے انسانیت کی معراج ہیں جہاں منوبھائی جیسی عظیم شخصیت خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ سندس فاؤنڈیشن کی طرف سے حمزہ شہبازکو بریفنگ میں پنجاب حکومت کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ صحت کے مشیر خواجہ سلمان رفیق ‘ سہیل وڑائچ‘ خالد عباس ڈار‘ ناصر سعید‘ بابر علی‘ واصف ناگی ‘ یٰسین خان اور صدر پریس کلب میاں شہبازبھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

صفحہ آخر -