کرپشن کا ایشو پیپلز پارٹی کا مسئلہ نہیں، جمہوریت کیخلاف کام نہیں کریگی: خواجہ سعد رفیق

کرپشن کا ایشو پیپلز پارٹی کا مسئلہ نہیں، جمہوریت کیخلاف کام نہیں کریگی: ...

  

لاہور( این این آئی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کا ایجنڈا الگ الگ ہے، پیپلز پارٹی جمہوریت کیخلاف کام نہیں کریگی ،ریلوے کی زمینوں کو مفت کا مال نہ سمجھا جائے ، سرکاری زمینوں پر لوٹ مار بند کرائیں گے ،بیماری کسی پر بھی آ سکتی ہے ،ڈاکٹروں نے اجازت دی تو وزیر اعظم جلد وطن واپس آئیں گے،عمران خان کی ہمشیرہ کی مریم نواز سے معذرت خوش آئند ہے ،ہم عمران خان کی بھی معذرت کے منتظر ہیں۔ میاں میر سکول کے گراؤنڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ماضی میں ریلوے کو لا وارث بنا دیا گیا ۔ریلوے کی زمینوں پر لوٹ مار کرنے والوں پر ضرور ہاتھ ڈالاجائے گا۔ کچھ لوگ وزارت ریلوے کو مسلسل گالیاں دے رہے ہیں ۔سرکاری مال پر عیاشی نہیں کرنے دیں گے۔ ریلوے پولیس کو بدل دیا ہے اب یہ مردہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ رائل پام کلب پر کوئی دھاوا نہیں بولا گیا ، ہم نے’’ اسٹیٹس کو ‘‘ پر ہاتھ ڈالا ہے ۔اس حوالے سے حقائق قوم کے سامنے رکھ دئیے ہیں۔ اشرافیہ کے گریبان پر ہاتھ ڈالنے پر زلزلہ کیوں برپا ہے۔انہوں نے کہا کہ رائل پام کنٹری کلب ریلوے کی اربوں روپے کی زمین پر بنایا گیا، کلب ضرور بنائیں لیکن سرکاری مال پر عیاشی نہیں ہونے دیں گے، رائل پام کلب کا مقدمہ عدالت میں لڑیں گے اور میرٹ پر جیتیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی خود کرپشن میں ملوث رہی، اس کا کرپشن کے خاتمے سے کیا لینا دینا ہے ۔تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کا ایجنڈا الگ الگ ہے، کرپشن کا ایشو پیپلز پارٹی کا پرابلم نہیں ، پیپلز پارٹی کے طریق کار سے اختلاف اپنی جگہ لیکن جمہوریت کیخلاف کام نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے دھرنوں کی سیاست سے کوئی سبق نہیں سیکھا، عمران خان خیبر پختونخوا ہ میں آدم خور چوہے تک نہیں مار سکے۔سیلاب سے نمٹنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے ۔ حکومت گرانے کی بجائے خیبر پختوانخواہ پر توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے خسارے کا شکار تھا اسے بتدریج بہتری کی طرف لے کر آرہے ہیں۔ خسارے پر قابو پایا جارہا ہے اور ریلوے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کسی پر بھی آ سکتی ہے ، ڈاکٹروں نے اجازت دی تو وزیر اعظم جلد واپس آئیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -