سینکڑوں ایرانی صحافیوں کو گمنام ایس ایم ایس کے ذریعے دھمکی

سینکڑوں ایرانی صحافیوں کو گمنام ایس ایم ایس کے ذریعے دھمکی

  

تہران(این این آئی)ایران میں سینکڑوں صحافیوں کو ایک گمنام ایس ایم ایس موصول ہوا ہے جس کے ذریعے ان صحافیوں کو بیرون ملک ’دشمن‘ اداروں سے تعلق رکھنے کے ’جرم‘ سے متنبہ کیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سینکڑوں ایرانی صحافیوں کو ایک گمنام دھمکی آمیز ایس ایم ایس بھیجا گیا۔ ایس ایم ایس میں لکھا تھاکہ بیرون ملک موجود دشمن عناصر سے ای میل یا دیگر ذرائع سے رابطہ کرنا جرم ہے۔ یہ ایس ایم ایس آخری وارننگ ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق یہ پیغام ملک بھر میں سات سو کے قریب صحافیوں اور اہم شخصیات کو بھیجا گیا۔ ایرانی پارلیمان کے رکن علی محترمی کا کہنا تھا کہ اس پیغام کے باعث صحافیوں میں خوف و ہراس اور بے چینی پائی جاتی ہے۔علی محترمی نے نے مطالبہ کیاکہ وزارت برائے انٹیلیجنس اور سائبر کرائم پولیس ایس ایم ایس بھیجنے والے شخص کو تلاش کرے اور اس بارے میں عوام کو مطلع بھی کرے۔ عدالت کو بھی ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔ علی محترمی کا کہنا تھاکہ میڈیا کے امور کی نگرانی کرنا پریس سپروائزری بورڈ کا کام ہے اور دیگر اداروں یا اشخاص کو اس معاملے میں دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے۔بعض سرکردہ صحافیوں نے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ وہ ایس ایم ایس کے ذریعے دھمکی بھیجنے والے کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

مزید :

عالمی منظر -