ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں طوفانی بارش، نشیبی علاقے زیر آب، بجلی نظام درہم برہم

ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں طوفانی بارش، نشیبی علاقے زیر آب، بجلی نظام درہم ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان،باگڑسرگانہ، عبدالحکیم،ٹھٹھہ صادق آباد ، میلسی،مظفرگڑھ،کوٹ ادو،بہاولپور،منڈی یزمان ، ہیڈ ر ا جکاں،احمد پور شرقیہ،خانقاہ شریف،سمہ سٹہ،بھکر (سٹاف رپورٹر،نمائندہ خصوصی،سٹی رپورٹر،نمائندگان) جنوبی پنجا ب میں طوفانی (بقیہ نمبر39صفحہ7پر )
بارش،نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے تفصیل کے مطابق جنوبی پنجاب میں آندھی اور بارش سے میپکو کی کارکردگی کا پول کھل گیا‘ متعدد مقامات پر کھمبے گرگئے اور تارٹوٹ گئے‘ بحالی کے لئے سٹاف کم پڑا گیا‘ ہزاروں انفرادی شکایات بھی سامنے آئیں‘ فیڈرزٹرپ کرجانے کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا‘ شکایات کا تاخیر سے ازالہ ہونے پر روزہ داروں کو مشکلات پیش آئیں ۔گزشتہ سے پیوستہ رات ہونے والی بارش کیوجہ سے یعقوب ٹاؤن،مدینہ کالونی،ناصر آباد،پیر عمر قبرستان،بی بی پاک دامن،بستی دائرہ ،طوطل پورہ،بستی گہنے والی،پیرکالونی،گلشن فیض کالونی اور اقبال نگر کے علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔سیوریج لائن بند ہونے سے اہل علاقہ کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔واسا افسران اور اہلکاروں بارش کا پانی نکالنے کیلئے پورا دن سرگرم رہے لیکن نشیبی علاقوں میں ان کی کوشش بار آور ثابت نہیں رہی۔ریلوے پل ممتاز آباد اور شاہین مارکیٹ میں بارش کا پانی جمع ہونے کیوجہ سے سڑک پر کئی کاریں بند ہوگئیں۔شہریوں کو متبادل راستوں سے گزرنا پڑا۔ممتاز آباد کے علاقہ سے بروقت بارش کا پانی نہ نکالنے سے سیوریج لائن بند ہوگئی جس کیوجہ سے سارا علاقہ جھل تھلا ہوگیا بستی خداداد اور گارڈن ٹاؤن کے علاقوں مٰں بارش کا پانی سارا دن جمع رہا۔شیرشاہ روڈ پر گذشتہ رات گئے پانی جمع رہا گل گشت کے نزدیک واقع جعفری ولاز بھی بارش کے پانی سے بری طرح متاثر ہوا۔اہل علاقہ کیلئے پیدل چلنا تک دشوار ہوگیا۔واسا کے افسران گزشتہ رات گئے تک مون سون کی پہلی بارش کے اثرات تک مقابلہ کرنے میں مصروف رہے۔دریں اثناء ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفیسر ملتان نادر چٹھہ نے گزشتہ روز مو ن سون کی بارش کے بعد شہر میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے نشیبی علاقوں کا ہنگا می دورہ کیا۔ ڈی سی او نے شاہین مارکیٹ ،بوہڑ گیٹ ، ممتاز آباد ،غلہ منڈی ،ٹمبر مارکیٹ ،وحدت کالونی اور پیر خورشید کالونی سمیت نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کا جائزہ لیا اور فوری طور پر موقع پر مشینری طلب کر کے اپنی نگرانی میں سیوریج سسٹم بحال کرایا۔ ڈی سی او نے فوری طور پر ایم ڈی واسا کو اضافی پمپ منگوا کر گلی محلوں سے پانی نکالنے کے احکا مات بھی دیئے ۔ ڈی سی او نا در چٹھہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چارج سنبھالتے ہی ملتان کے سیوریج نظام کو بہتر کر نے کا بیڑا اٹھایاہے ۔حکومت پنجاب کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ واسا کے پاس موجودہ حالات میں کام کرنے کے لئے مشینری اور فنڈز مطلوبہ مقدار میں موجود نہیں ۔ تمام ڈسپوزل سٹیشن اور بڑی سیوریج لائنوں کو مکمل طور پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے مون سون کی بارشوں میں غیر متوقع اضا فے کی پیش گوئی کی ہے جس کے پیش نظرضلعی حکومت کے تمام محکمے الرٹ ہیں۔نادر چٹھہ نے بعد ازاں واسا حکام کو ہدایت کی کہ فوری طور پر محکمے کے آفیسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے سیوریج لائنوں کو بحال کیا جائے۔ملتان میں بارش کے باعث متعد دعلاقوں کی بجلی گھنٹوں بند رہنے کے باوجود شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ بھی کی گئی جس پر شہریوں نے احتجاج کیا ‘شہریوں کے مطابق جب بارش کے باعث خرابی پیدا ہونے پر متعدد علاقوں کی بجلی کئی گھنٹے بند رہی ہے تو پھر لوڈمنیجمنٹ کے تحت ان علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا کوئی جواز نہیں تھا ‘حکام صورتحال کا نوٹس لیں ‘صارفین کو بے جا تنگ نہ کیا جائے۔علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (سیکنڈری و ایلمنٹری ) کے دفتر کے باہر 4ما ہ سے سیوریج کا مسئلہ چلا آرہا ہے ‘ واسا والوں نے 3ماہ بعد پانی کا نکاس کیا مگر اب پھر پانی جمع ہو گیا ہے‘بارش سے پانی ارد گرد کے علاقوں میں بھی پھیل گیا جس کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے‘ انہوں نے کمشنر اور ڈی سی او ملتان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذمہ داری نبھائیں اور سیوریج کا مسئلہ حل کرائیں ۔باگڑ سرگانہ سے نمائندہ پاکستان کے مطابق مون سون کی پہلی ہی بارش سے شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کی صورتحال خراب گلیاں بارش کے پانی سے بھر گئیں نظام زندگی درہم برہم لوگوں کوچلنے میں دُشواری کا سامنانشیبی علاقے زیرآب جل تھل ایک گزشتہ رات باگڑ سرگانہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا اورلوگوں نے سکھ کاسانس لیا ہے۔عبدالحکیم سے نمائندہ خصوصی کے مطابق عبدالحکیم دین پور ، امید گڑھ ، روشن پور ، دھرم پور شہادت کندلہ کوٹ اسلام ، درکھانہ بار گھگہ بار کوٹ اسلام ، حولی کورنگہ قتال پور بربیگی کنڈ سرگانہ اور علاقہ میں پہلے تیز آندہی آئی جس سے باغات کو شدید نقصان ہوا بڑے بڑے درخت گر گئے جامن کے درخت بھی ٹوٹ گئے جبکہ آندھی کے بعد بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا اور روزے داروں نے سکھ کی سانس لی ۔ٹھٹھہ صادق آباد سے نمائندہ پاکستان کے مطابق گزشتہ رات دیگر علاقوں کی طرح ٹھٹھہ صادق آباد وگردونواح میں بھی شدید آندھی کا سلسلہ شروع ہوگیا،جس کے ساتھ ہی ہلکی بارش شروع ہوگئی،جو وقفہ وقفہ سے کافی دیرجاری رہی،بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا،جبکہ کپاس سمیت دیگر فصلوں کو فائد ہ پہنچا۔میلسی سے تحصیل رپورٹر کے مطابق گرمی کی پہلی بارش سے میلسی اور گردونواح میں موسم خوشگوار ہوگیا۔ سحری کے وقت ہونے والی بارش سے گرمی کاکچھ زور ٹوٹ گیا ۔ مگر دن میں حبس سے گرمی کی شدت باقی رہی ۔مظفرگڑھ سے نمائندہ پاکستان کے مطابق اتوار کو سحری کے وقت گرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش شروع ہوگئی اور بارش کا سلسلہ تقریباً 2گھنٹوں تک جاری رہا ۔موسلادھار بارش کے باعث شہر کے تقریباً تمام علاقوں اور مین سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا جس پر ڈی سی اوحافظ شوکت علی نے علی الصبح شہر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے خود ہی دورے پر نکل پڑے اور مین بازار ،کچہری چوک ،خورشید آباد ،جھنگ روڈ ،گارڈن روڈ ،راولے والا ،کمیٹی چوک ،گرجا گھر چوک ،سہیل پٹر ول پمپ ،اور دیگر علاقوں کاجائزہ لیا اور خود ہی پانی کے نکاسی کے کام کی نگرانی کرتے رہے ۔اس موقع پر اے ڈی سی عبد القادر شاہ ،اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹرسیف اللہ بھٹی ، ٹی ایم اوملک محبوب اور سینٹری انسپکٹر سیف اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔کوٹ ادو سے تحصیل رپورٹر کے مطابق مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع،کوٹ ادو وگردونواح میں رات گئے موسلا دھاربارش،موسم خوشگوار ہو گیا،گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے،بارش سے نشیبئی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بجلی وٹیلی فون کا نظام بھی معطل ہو گیا،ہلکی بارش کا سلسلہ رات گئے وقفے وقفے سے جاری رہا۔بہاولپور سے بیورو رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز 27 رمضان المبارک کی رات سحری کے وقت بہاولپورمیں تیزہوا کیساتھ بارش ہوئی تاہم ہواکی شدت بارش سے زیادہ تھی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھرگیا اوراس کیساتھ ہی شہرمیں سیوریج کے گٹربھی ابلنے لگے اور گلیوں کوچوں میں پانی کھڑاہوگیا لوگوں کوآمدو رفت میں شدید مشکلات کاسامناکرناپڑا چھٹی ہونے کے باعث ٹی ایم اے کاعملہ کام پرنہ آسکا۔ہیڈراجکاں سے نمائندہ پاکستان کے مطابق ہیڈ رجکاں اور نواح میں ماہ رمضان کی برکت شب میں بھی واپڈاوالو ں کو ترس نہ آیا ۔شب 2بجے کے قریب تیز آندھی نے ہر چیز ہلاکر رکھ دی اور بعد میں موسلا دھار بارش شروع ہوگئی۔آندھی اور بارش کی وجہ سے گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا ۔تیز آندھی اور بارش کی وجہ سے فصلوں کو فائدا ہو گا وہیں پر آم کے باغات کو شدید نقصان پہنچا۔احمد پور شرقیہ سے سٹی رپورٹر کے مطابق احمد پورشرقیہ اور گرد و نواح میں گزشتہ شب سحری کے وقت تیز رفتار آندھی آئی جس کے بعدہلکی بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی۔ اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ آندھی سے بجلی کے کھمبے گرگئے جس کی وجہ سے شہر میں مسلسل دس گھنٹے بجلی بند رہی۔ جس سے لوگوں کو شدید مشکل کاسامنا کرنا پڑا اور گھروں میں پانی بھی ختم ہوگیا۔ خانقاہ شریف سے نمائندہ پاکستان کے مطابق گذشتہ روز 27 رمضان المبارک کی رات سحری کے وقت خا نقا ہ شر یف میں تیزہوا کیساتھ بارش ہوئی تاہم ہواکی شدت بارش سے زیادہ تھی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھرگیا اوراس کیساتھ ہی شہرمیں سیوریج کے گٹربھی ابلنے لگے ۔سمہ سٹہ سے نمائندہ پاکستان کے مطابق گزشتہ روز صبح سویرے بارش نے جہاں موسم کو خوشگوار بنایا ساتھ ہی گوہر شاہ روڈ جو کہ کھدائی کھنڈرات کے بعد ٹھیکیدار چھوڑ کر جا چکا ہے ڈیڑ ہ ماہ گزرچکا ہے۔سڑک جھیل کا منظر پیش کر رہی ہے اور انتظامیہ بہاولپورکا منہ چڑا رہی ہے ۔گوہر شاہ روڈ کے مکینوں کاروباری حضرات اور مسافروں نے کھل کر پنجاب حکومت اور بہاولپور کی انتظامیہ کو دعائیں دیں ۔اس موقع پر عبدالحمد عبدالمجید چوہدری بشیر احمد تعیم احمد وسیم احمد محمد طاہر محمد حنیف محمد عمران افضال احمد شوکت شبراتی اختر شہزار اعجاز کے علاوہ اہل مکین نے بھر پور احتجاج ریکار ڈ کرایا اور ڈی سی او بہاولپور سے مطالبہ کیا کہ اس مسئلہ کو طرف خصوصی توجہ دیں ۔بھکر سے نامہ نگار کے مطابق گزشہ بھکر پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح بھکر شہر اور گردونواح میں بھی شدید طوفانی بارش نے ہر طرف تباہی مچادی تیز ہواؤں اورموسلا دھار بارش کے باعث کئی گھروں کی چھتیں اور دیواریں زمین بوس ہوگئیں جبکہ بھکر شہر اور نواحی علاقوں میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جبکہ مختلف کمپنیوں کے سائن بورڈ بھی گرگئے جبکہ شدید بارش کے باعث بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کرجانے کے باعث بھکر،دریاخان شہر وں سمیت نواحی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا اور کئی گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل رہی جبکہ ڈسٹرکٹ جیل بھکر میں جنریٹر کی سہولت نہ ہونے کے باعث بجلی کی طویل بندش نے قیدیوں کی چیخیں نکلوادیں جبکہ جیل حکام کیلئے بھی پریشانی بن گئی سحری کا انتظام نہ ہوسکنے کے باعث متعدد قیدی روزہ سے بھی محروم رہ گئے کئی نواحی علاوقوں میں 30گھنٹے گزر جانے کے باوجود بھی بجلی کی بحالی ممکن نہ ہوسکی ۔
بارش