پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے پرعام ہیں ، سینیٹر جان مکین
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )امریکی سینیٹر جان مکین کی سربراہی میں چار رکنی وفد نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،پاک افغان بارڈر مینجمنٹ اور خطے میں سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی سینیٹر جان مکین کی سربراہی میں سینیٹر لنڈسے گراہم ،سینیٹر جوڈو نیلی اور ریک ڈیوس دفتر خارجہ آئے جہاں انہوں نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔اس دوران باہمی تعلقات اور ایف 16طیاروں کے معاملے سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔پاکستانی وفد نے کہا کہ پاکستان ایف 16طیارے کو استعمال کرنے کا تجربہ رکھتا ہے ،امریکہ نے خودپاکستان کو ایف 16طیارے فروخت کرنے پر رضا مندی ظاہر کی تھی۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں دو سال کے دوران دو ارب ڈالر خرچ کر چکے ہیں۔اس موقع پر سینیٹر جان مکین نے کہا کہ باہمی تعلقات کی مضبوطی کے لیے پر عزم ہیں ،دونوں ملکوں کو مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ میران شاہ کا دورہ کرکے حیرت ہوئی اور وہاں امن و امان کی بہتر صورتحال دیکھ کر اطمینان ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے مثبت پیغام لے کر جا رہے ہیں۔ادھر سرتاج عزیز نے کہا کہ امریکی وفد نے شمالی وزیرستان کا دورہ کر کے اطمینان کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں افغان سرحد پر بہتر انتظامات کے امور بھی زیر غور آئے ،امریکی وفد سے بات چیت مثبت اور تعمیری رہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن میں کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔