رواں سال وفاقی اور سندھ حکومتیں ختم ہو جائیں گی ، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم

رواں سال وفاقی اور سندھ حکومتیں ختم ہو جائیں گی ، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم

  

جیکب آباد(خصوصی نامہ نگار )سابق وزیر اعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں سال وفاقی اور سندھ حکومت ختم ہوجائیں گی اور2016 انتخابات کا سال ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک سکے کے دو رخ ہیں عید کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلائی جائے گی جس سے وفاقی اور سندھ حکومت چلی جائے گی، پیپلز پارٹی اور نواز لیگ مقامی نظام کے خلاف ہیں جس کے باعث وہ نہیں چاہ رہے ہیں کہ اقتدار نچلی سطح پر منتقل ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھل کے سینئر صحافی سرمد کنڈرانی ،نثار کنڈرانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے 8سالہ دور میں سندھ کو تباہ کر دیا ہے بیروزگاری،بھوک اور بدحالی کے باعث عوام کا جینا محال ہو چکاہے عوام موجود حکمرانوں سے تنگ آچکی ہے اور عوام چاہتی ہے کہ یہ حکومت چلی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس میں کسی قسم کے کوئی اختلاف نہیں جس میں سندھ کی اہم شخصیات شامل ہیں اور عید کے بعد گرینڈ الائنس کے پلیٹ فارم سے تحریک چلائی جائے گی،گرینڈ الائنس میں مزید اہم شخصیات کی شمولیت متوقع ہے۔ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کچھ ناراض رہنما بھی ہم سے رابطے میں ہیں انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ سندھ اور پنجاب کے مقامی اداروں کو منتخب نمائندگان اپنا کام شروع کر سکیں گے، آنے والے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کو سندھ سمیت کسی بھی صوبے سے امیدوار نہیں ملیں گے۔ پیپلز پارٹی پانامالیکس والے معاملے پر وزیر اعظم نواز شریف کا دفاع کر رہی ہے اور اس اشو سے دھیان ہٹانے کی خاطر ہی کالاباغ ڈیم کا مردہ اشو کو اٹھایا گیا ہے ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -