، شہبازشریف کی سیاسی مخالفین پر کڑی تنقید، شرکاء کی بھرپور داد،’’دیکھو دیکھو کون آیا، شیر آیا شیر آیا‘‘ کے نعرے

، شہبازشریف کی سیاسی مخالفین پر کڑی تنقید، شرکاء کی بھرپور داد،’’دیکھو ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال رائے ونڈ کی افتتاحی تقریب کے دوران اپنے خطاب میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ روکنے والے بعض سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا اور ترقی کے سفر میں روڑے اٹکانے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ تقریب میں موجود سینکڑوں افراد نے وزیراعلیٰ کے خطاب کو بہت پسند کیا اور وقتاً فوقتاً ’’دیکھو دیکھو کون آیا، شیر آیا شیر آیا، شہبازشریف زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابھی روزہ کھلنے میں بہت وقت باقی ہے۔ نعرے نہ لگائیں یہ نہ ہو کہ پیاس لگ جائے۔ وزیراعلیٰ نے ایک نووارد سیاست دان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھی وزیراعظم کا استعفیٰ مانگ رہے ہیں لیکن بیٹا پہلے اپنا حساب تو کر لو۔ کرپشن کا ایک کیس بھی سامنے آ گیا تو آپ اپنے والد کے ساتھ ہمیشہ کیلئے باہر ہی رہیں گے۔ جس پر تقریب کے شرکاء نے بھرپور تالیاں بجائیں اور نعرے لگائے۔ اسی طرح وزیراعلیٰ نے عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اب جھوٹ نہیں بولنا چاہیئے۔ مریم نواز کے بارے میں بھی انہوں نے جھوٹ بولا جو کہ افسوسناک ہے کیونکہ عمران خان ایک پارٹی کے سربراہ ہیں لہذا انہیں ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب کے آخر میں یہ اشعار پڑھے:
جب اپنا قافلہ عزم و یقین سے نکلے گا
جہاں سے چاہیں گے رستہ وہیں سے نکلے گا
وطن کی مٹی مجھے ایڑیاں رگڑنے دے
مجھے یقین ہے چشمہ یہیں سے نکلے گا