عوام سے جبری زکوٰۃ فطرہ وصولی جاری ،نوٹس لیا جائے، خالد حمید
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے سیکریٹری اطلاعات خالدحمید نے کہا نے کہاکہ تاجروں اور عوام سے جبری زکوٰۃ فطرہ وصولی جاری ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جبرہ وصولیوں کے خلاف کاروائیاں تیز کرنے کے بعد دہشت گردوں نے بھی اپنی حکمت عملی تبدیل کرلی ہے ،اب دکانوں یا مکانوں پر جانے کی بجائے فون پر زکوٰۃ فطرہ طلب کیا جارہا ہے اور انکار کرنے والوں یا قانون نافذ کرنے والوں اطلاع دینے والوں کو عید کے بعد نمٹنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں ،ادارے نوٹس لیں۔عارضی بیت الحمزہ سے جاری کردہ بیان میں خالدحمید نے کہاکہ امن و امان کی بہتری کے باوجود گذشتہ سال کی نسبت اس بار بازاروں میں سناٹا زیادہ اور عوام کو جوش و خروش کم ہے جس کی وجہ اسٹریٹ کرائم میں بے انتہا اضافہ ہے ،پولیس اور رینجرز کو اس پر بھی توجہ دینی چاہئے ۔خالد حمید نے کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ پچھلے سالوں کے مقابلے میں جبری وصولیوں میں کمی آئی ہے لیکن اگر سڑک پر چلنے والے عوام دن دہاڑے لٹتے رہیں تو پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محنت اور قربانی کی عوام کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں رہتی اس لئے جتنے انتظامات اعلیٰ عہدیداروں کے مارکیٹوں کے دورے کیلئے کئے جارہے ہیں اتنے ہی عوام اور تاجروں کے تحفظ کیلئے کئے جائیں تب جاکر عوام تبدیلی محسوس کریں گے ۔