مدارس اور درگاہیں بھی لوڈشیڈنگ کی زد میں ہیں، ڈاکٹر قیوم سومرو
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے مذہبی امور سینیٹر ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو نے کہا ہے کہ سندھ کے مدارس اور درگاہیں بھی طویل لوڈشیڈنگ کی زد میں ہیں، سندھ کو اندھیرے میں دھکیلنے کی کوشش وفاق کو اندھیرے میں لے جائے گی۔ ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سندھ بھر کی درگاہوں مدارس اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی سخت کی جائے۔ درگاہوں پر موجود سکیورٹی عملہ چیکنگ کے بعد ہی زائرین کو داخلے کی اجازت دے۔ سندھ بھر کی تمام درگاہوں پر نشے آور اشیا کے استعمال پر پابندی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید کے بعد درگاہوں پر خواتین زائرین کے لئے الگ راستہ بنایا جائیگا۔ زائرین درگاہوں کے عملے سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایات سے ہمیں آگاہ کریں۔ سندھ بھر کی درگاہوں اور مدارس کا عید کے بعد دورہ کرونگا ۔عوام کو تحفظ فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔