چترال میں امدادی کارروائیوں کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے جاری کر دیئے :مشتاق غنی

چترال میں امدادی کارروائیوں کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے جاری کر دیئے :مشتاق غنی

  

پشاور( پاکستان نیوز)حکومت خیبر پختونخوا کے ترجمان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے معاون خصوصی مشتاق غنی نے کہا ہے کہ چترال میں امدادی کارروائیوں کے لئے ابتدائی طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے جاری کر دئیے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ضرورت پڑنے پر مزید رقم بھی جاری کی جائے گی ۔ آج یہاں سے جاری ایک بیان میں مشتاق غنی نے کہا کہ موسمی حالات کی پیشن گوئیوں کے مد نظر صوبائی حکومت نے ضلعی انتظامیہ چترال کو 500ٹینٹس اور دیگر امدادی سامان جون 2016کے پہلے ہفتے میں حوالے کر دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ چترال کے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقو ں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے اور وہاں پر متاثرین میں خوراک اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کی جار ہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جار ہے ہیں اور دور دراز علاقوں میں رسائی حاصل کرنے کے لئے این ڈی ایم اے سے ہیلی کاپٹروں کی فراہمی کے لئے کہا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں پاک آرمی ، پولیس ، چترال سکاؤٹس اور لیویز سیلاب کیوجہ سے لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بارش اور سیلاب سے علاقوں میں جانی اور مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے تین ، تین لاکھ جبکہ زخمیوں کے لئے ایک ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے ۔ اسی طرح مکمل تباہ شدہ مکانات کے لئے ایک لاکھ اور جزوی تباہ شدہ مکانات کے لئے 50ہزار روپے کا معاوضہ دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے لاپتہ افراد کی تعداد 28ہے ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -