نجی فیکٹری ملازمین میں گلوبٹ کی جھلک، تنخواہیں نہ ملنے پرگاڑیوں کے شیشے توڑ دیے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد میں نجی فیکٹری کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے اور اس دوران گلو بٹ سٹائل اپناتے ہوئے اینٹوں اور ڈنڈوں سے پارکنگ میں کھڑی متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے جبکہ ایک گاڑی کو آگ بھی لگادی ۔
کورنگی ویٹا چورنگی پر ایک نجی کمپنی کے ملازمین تنخواہیں نہ ملنے پر گزشتہ تین روز سے احتجاج کررہے ہیں۔ مسلسل احتجاج کے باوجود شنوائی نہ ہونے پر ملازمین مشتعل ہوگئے اور قریبی پارکنگ میں گھس گئے۔ مشتعل ملازمین کے پارکنگ میں گھستے ہی ان میں گلو بٹ کی روح عود کرآئی جس کے بعدانہوں نے ایک گاڑی کو آگ لگادی جبکہ دیگر گاڑیوں کے ڈنڈوں اور اینٹوں کے وار کرکے شیشے توڑ دیے ۔ گلوبٹ ایکشن کے دوران پولیس کہیں بھی نظر نہیں آئی اور مظاہرین بے فکری سے اپنا کام کرتے رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین کے حد سے زیادہ مشتعل ہونے پر بالآخر پولیس کو بھی ہوش آہی گیا اورحالات قابو میں کرنے کیلئے موقع پر پہنچ گئی اور آتے ہی لوگوں پر ڈنڈے برسادیے ۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ بھی کی جس کے بعد ملازمین منتشر ہوگئے۔