نامعلوم چور پارلیمنٹ لاجز میں موجود طلال چوہدری کے فلیٹ کا صفایا کرگئے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ضامن حکمران خود ہی لٹ گئے ہیں ۔ انتہائی سکیورٹی والے علاقے پارلیمنٹ لاجز میں نامعلوم چوروں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کے فلیٹ کا صفایا کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری 2 روز پہلے فیصل آباد گئے تھے اور اس دوران پارلیمنٹ لاجزکے جے بلاک میں موجود اپنے تین کمروں پر مشتمل فلیٹ نمبر 302 کو مقفل کرگئے تاہم جب پیر کو وہ واپس آئے تو انہیں یہ دیکھ کر شدید حیرت ہوئی کہ ان کے فلیٹ کا نامعلوم چور صفایا کرچکے ہیں۔
اولمپک کھیلوں کی مشعل تاریخ میں پہلی بار مسلمانوں کے ایسے مقام پر پہنچ گئی کہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے
میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم چور طلال چوہدری کے فلیٹ کا پچھلا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور گھر میں موجود تین ہزار امریکی ڈالر ، 2 عدد بیش قیمتی گھڑیاں اور طلائی زیورات لے اڑے۔ طلال چوہدری کی شکایت پر پولیس کی بھاری نفری ان کے فلیٹ پر پہنچ گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
وہ 6 چینی شہری جنہوں نے پاکستان کیلئے اپنی جانیں قربان کردیں
پولیس کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز انتہائی سخت سکیورٹی کا علاقہ ہے جہاں کوئی بھی غیر متعلقہ شخص بغیر اجازت کے داخل نہیں ہوسکتا اور کسی کو بھی داخل ہونے کی اجازت دینے کیلئے رکن اسمبلی کی اجازت درکار ہوتی ہے جبکہ پورے لاجز میں جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے ہیں اس لیے یہ ناممکن ہے کہ باہر سے آکر کسی شخص نے چوری کی ہو۔