مدینہ منورہ ، مسجد نبویﷺ کے قریب خودکش دھماکہ، 4افراد شہید:العریبہ

مدینہ منورہ ، مسجد نبویﷺ کے قریب خودکش دھماکہ، 4افراد شہید:العریبہ
مدینہ منورہ ، مسجد نبویﷺ کے قریب خودکش دھماکہ، 4افراد شہید:العریبہ

  

مدینہ منورہ(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ کے قریب  خودکش  حملے میں 4افراد شہید ہو گئے ہیں جبکہ دوسری جانب سعودی عرب کے شہر قطیف میں دو دھماکے ہوئے ہیں جن میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہواہے ۔تفصیلات کے مطابق العریبہ کا کہناتھا کہ مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ کے  قریب کارپارکنگ ایریا میں قائم چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا ،جس کے باعث چار سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے ہیں جبکہ چار افراد  زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت سیکیورٹی اہلکار افطاری کر رہے تھے،دہشتگردوں کا ہدف کار پارکنگ ایریا تھا۔ دھماکے کے بعد مسجدنبویﷺ کے اطراف سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے علاقے کی سنیپ چیکنگ بھی کی جارہی ہے۔

دوسری جانب دو دہشتگردوں نے سعودی عرب کے مشرقی شہر قطیف میں مسجد عمران کو نشانہ بنانے کی کوشش کی وہاں بھی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کامیاب نہیں ہوسکے اور انہوں نے خود کو مسجد کے باہر دھماکے سے اڑا لیا جس کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

مدینہ منورہ سے ایک عینی شاہد منیر الدین کے مطابق مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، ایک دھماکا جنت البقیع کے قریب پارکنگ میں ہوا۔

واضح رہے کہ دھماکے کےکچھ دیر بعد سعودی عرب کے شہریوں نے بھی ٹویٹر پر پیغام جاری کیے جس میں کہا گیا کہ مدینہ منورہ میں دھماکہ ہواہے  اور دھویں کے بادل بھی چھا گئے ہیں۔ایک ٹویٹر صارف نے پیغام کے ساتھ تصاویر بھی اپ لوڈ کی ہیں۔

مزید :

عرب دنیا -