ضم شدہ قبائلی اضلاع کے تمام پریس کلبوں کو کٹیگر ی دی جائیگی ، اجمل خان وزیر

ضم شدہ قبائلی اضلاع کے تمام پریس کلبوں کو کٹیگر ی دی جائیگی ، اجمل خان وزیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ کے مشیربرائے ضم شدہ اضلاع وصوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیرنے کہاہے کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے تمام پریس کلبوں کو کیٹگری دی جائیگی جبکہ قانونی تقاضوں کے مطابق ان کو اپ گریڈ بھی کیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے پریس کلبوں کے مسائل اوراپ گریڈیشن کو بہت جلد کابینہ اور صوبائی اسمبلی میں بھی پیش کیاجائیگا۔ وہ وزیرستان یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ سیکرٹری محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ مختیار احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے صوبائی حکومت کے ترجمان کو میرانشاہ پریس کلب بشمول ضم شدہ اضلاع کے دیگر پریس کلبوں اور صحافیوں کے مسائل پر بریفنگ دی۔ اجمل خان وزیر نے ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ معاشرے میں امن کے قیام اور حکومت اور عوام کے درمیان رابطے میں صحافی برادری کا اہم کردار ہے۔ ان کی مثبت تنقید اور مسائل کی نشاندہی کی بدولت عوامی مسائل میں بہت حد تک کمی آتی ہے۔ اجمل خان وزیرنے کہاکہ صحافی برادری کیساتھ کئے گئے وعدوں کی ہر صورت تکمیل ہوگی۔ پریس کلبوں کی بہتری اورسہولیات کی فراہمی کیلئے گرانٹ کی فراہمی بشمول میڈیا کالونی کے قیام اور فراہمی کیلئے وہ اپنی طرف سے بھرپور کوشش کریں گے۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے سیکرٹری انفارمیشن مختیاراحمد نے کہاکہ پریس کلبوں کی بہتری اور ان کی مالی معاونت کیلئے امسال بجٹ میں محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ کی طرف سے ADP میں کئی منصوبے شامل کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ان منصوبوں کی تکمیل کی بدولت صحافی برادری کے مسائل حل ہوجائیں گے۔ وفد میں شامل عمر دراز وزیر، احسان داوڑ، ناصر داوڑ، محمدایوب، نصرمن اللہ، حاجی پذیر گل اور زاہد وزیر نے صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر اورسیکرٹری انفارمیشن کا صحافی برادری کی فلاح وبہبود کےلئے اٹھائے گئے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔ #