کوپاامریکہ فٹ بال کپ، برازیل نے ارجنٹائن کوشکست دیکرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
ریو ڈی جنیرو (اے پی پی) میزبان برازیل کی ٹیم کوپا امریکا فٹ بال کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ برازیل نے کوپا امریکا فٹ بال کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں ارجنٹائن کو شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ برازیل ٹیم کے گبریلا فرنینڈو ڈی جیسس اور روبرٹو فیرمینو نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان برازیل میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں میزبان برازیل اور ارجنٹائن کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ تاہم میزبان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کے آغاز سے ہی ارجنٹائن ٹیم پر برتری قائم کرلی۔ برازیلی ٹیم کی طرف سے گبریلا فرنینڈو ڈی جیسس نے میچ کے 19 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو ارجنٹائن ٹیم پر 1-0 کی برتری دلا دی۔ اس کے بعد ارجنٹائن ٹیم نے گول کر کے مقابلہ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ میچ کے ہاف پر میزبان ٹیم کو ارجنٹائن ٹیم پر 1-0 گول کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں برازیل ٹیم نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا اور برازیل ٹیم کے روبرٹو فیرمینو نے میچ کے 71 ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 2-0 کر دیا جو کھیل کے آخر تک برقرار رہا۔ یوں برازیل کی ٹیم نے پہلے سیمی فائنل میچ میں ارجنٹائن کی ٹیم کو 2-0 گول سے شکست دیکر کوپا امریکا فٹ بال کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ برازیل ٹیم کے گبریلا فرنینڈو ڈی جیسس اور روبرٹو فیرمینو نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ کوپا امریکہ فٹ بال کپ کا فائنل میچ 7 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
