نئی نسل کو مشاہیر تحریک آزادی سے محبت کا درس دینا مثالی اقدام ہے،سلطان احمد علی

  نئی نسل کو مشاہیر تحریک آزادی سے محبت کا درس دینا مثالی اقدام ہے،سلطان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (سٹی رپورٹر) نظریاتی سمر سکول میں طلبہ کو اسلام،پاکستان،قائداعظمؒ،علامہ محمد اقبالؒ اورمشاہیر تحریک آزادی سے محبت کا درس دیا جا رہا ہے۔ نئی نسل جہد مسلسل کو اپنا شعار بنائے اور بڑے ہو کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔ ہمیشہ سچ بولیں، خدمت خلق کریں اور اپنی دینی اقدار سے وابستہ رہیں۔ ان خیالات کا اظہار خانوادہئ حضرت سلطان باہوؒ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 19ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے 18ویں روز طلبا و طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریہئ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے جس کا ماٹو”پاکستان سے پیار کرو“ ہے۔پروگرام کے آغاز پر نظریاتی سمر سکول کے طلبا و طالبات نے تلاوت کلام پاک‘نعت رسول مقبولؐ‘ قومی ترانہ پیش کیا۔صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ ہندو اور مسلمان ہر لحاظ سے الگ قوم ہیں اور یہی دوقومی نظریہ ہے جس کی بنیاد بنا کر پاکستان معرض وجود میں آیا۔ نئی نسل اس ملک کا مستقبل ہے، آپ اپنی خداداد صلاحیتوں کو پہچانیں اور ان پر اعتماد کرنا سیکھیں۔اساتذہئ کرام کا ادب کریں۔ہمیں اپنے محسنوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے اور انہیں یاد رکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا نیک بنو اور نیکی پھیلاؤ کا پیغام عام کریں۔ تاریخ ہمیں یہ بتاتی ہے کہ قائداعظمؒ نے کبھی جھوٹ نہیں بولا، ٹیپو سلطان نے کبھی بزدلی نہیں دکھائی اور اللہ کے شیروں نے کبھی وفا سے منہ نہیں موڑا۔ آپ دنیا میں روشنی کو پھیلائیں اور جہالت کے اندھیرے ختم کریں۔


 اگر کسی سے نیکی کا برتاؤ کریں تو اس سے صلہ کے بجائے اللہ سے صلہ کی امید رکھیں۔ قائداعظمؒ کے فرمان ”کام،کام اور کام“ پر عمل کریں۔یہاں موجود بچوں کی صلاحیتیں دیکھ کر مجھے یقین ہو گیا ہے کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔ دور حاضر میں بچوں کو نظریاتی تعلیم دینا دراصل وطن عزیز سے محبت اور خلوص کی زندہ مثال ہے۔ نظریہئ پاکستان ٹرسٹ اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔