لاہور ہائیکورٹ نے نیب کو رانا مشہود کیخلاف تاحکم ثانی کارروائی سے روک دیا
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس علی باقر نجفی اور مسٹر جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے مسلم لیگ (ن)کے ایم پی اے سابق صوبائی وزیررانا مشہود احمد خان کی درخواست پر نیب کو انکے خلاف تاحکم ثانی کارروائی سے روک دیاہے۔عدالت نے نیب سے 24جولائی تک جواب بھی طلب کرلیاہے،رانا مشہود احمدخان نے نیب کی طرف اپنی طلبی کے نوٹس کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے،دوران سماعت فاضل بنچ نے نیب کے وکیل سے کہا کہ نیب پہلے انکوائری بند کر دیتاہے پھرکیوں کھول لیتا ہے؟عدالت نے پوچھا کیااس کیس میں پہلے بھی کوئی ملزم گرفتار ہو چکا ہے، جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ ابھی انکوائری دوبارہ شروع ہوئی ہے۔درخواست گزار کا موقف ہے کہ نیب نے یوتھ فیسٹیول میں کرپشن کا الزام لگا کر انہیں طلبی کا نوٹس بھجوادیاہے جبکہ اس معاملے کی انکوائری ہونے کے بعد کیس بند کردیا گیا تھا،اب انکوائری کو ری اوپن نہیں کیاجاسکتا،رانامشہود احمد خان کا موقف ہے کہ نیب نے 2017 ء میں انکوائری بند کرنے کا لیٹر جاری کیا،اب گزشتہ کچھ ماہ سے نیب نے دوبارہ انکوائری کھول کر کردار کشی کی مہم شروع کروا رکھی ہے، صرف انکوائری کی بنیاد پر درخواست گزار کا نام بلیک لسٹ میں ڈالوایا گیا ہے، نیب میں کئی برسوں سے جاری انکوائری میں مسلسل پیش ہوتا رہا ہوں،متعدد لیٹرز لکھنے کے باوجود درخواست گزار کو نیب انکوائری کی کاپی اور ریکارڈ نہیں دیا جا رہا۔ نیب پریس ریلیز جاری کر کے میڈیا پر دانستہ درخواست گزار کی کردار کشی کروا رہا ہے،نیب کے پاس کوئی نئے شواہد نہیں ہیں جن کی بنیاد پر انکوائری ری اوپن کی گئی ہے،اگر ایسے شواہد ہیں تو ہمیں بتایا جائے تاکہ ہم اپنا دفاع کرسکیں،عدالت سے استدعاہے کہ نیب کو درخواست گزار کی کردار کشی کرنے سے روکنے کا حکم دیا جائے اور نیب کو درخواست گزار کے خلاف نیب انکوائری کا ریکارڈ جمع کرانے کا حکم بھی دیا جائے، درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ صرف انکوائری کی بنیاد پر بلیک لسٹ میں سے نام نکالنے کا حکم دیا جائے اور نیب کی طلبی کے نوٹس کوبھی کالعدم قرار دیا جائے۔اس کیس کی مزید سماعت 24جولائی کو ہوگی۔
ہائیکورٹ
لاہور(نامہ نگارخصوصی)مسلم لیگ (ن) کے رہنمارانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ کھلے عام اعلان جنگ کر رہا ہوں،نیب کے افسروں کا کچا چٹھا کھولوں گا،لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ نیب حکومت کاکٹھ پتلی بن چکا ہے،عدالت میں ضمانت کیلئے نہیں آیا،نیب کا سامنا کروں گا، نیب میری کردار کشی کر رہا ہے، نیب اور اے این ایف ہماری آواز نہیں دباسکتے،یہ آواز مسلم لیگ (ن) کی نہیں پاکستان کے ہر شہری کی ہے، جن نیب افسران نے قانون کو ہاتھ میں لیا ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا،پاکستان میں سیاست کے ایسے حالات ہیں کہ اپنی گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے تلاشی لینا پڑتی ہے،انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کے بعد اب میں اپنی گاڑی میں سفر ہی نہیں کرتا ہوں، نیب کی جانب سے بجھوائے جانے والی نوٹسز بد نیتی پرمبنی ہیں،جب نیب نے میرے خلاف تحقیقات بند کردیں تو دوبارہ کیسے کھول سکتے ہیں، پانچ سال ہوگئے ہیں،مجھے کتنی بار بلاسکتے ہیں،میری توہین کی جارہی ہے،اس کاذمہ دار کون ہے،نیب سمیت حکومتی ادارے مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، نیب قانون کے تابع ہے اپنی من مانی نہیں کر سکتا۔
رانامشہود
