ننگرپارکر میں بارش،آسمانی بجلی گرنے سے لڑکی جاں بحق
تھرپارکر(خصوصی نامہ نگار)تھرپارکر کے علاقے ننگرپارکر اور نواحی علاقوں میں رات گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے، جس سے مقامی افراد میں خوشیاں لوٹ آئیں تاہم آسمانی بجلی گرنے سے لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ننگرپارکر اور ملحقہ علاقوں میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ صبح سویرے تک جاری رہا، ذرائع کے مطابق گزشتہ رات 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بارش کے بعد 4 سال سے خشک گودھرڑو اور بھٹیاری ندی میں برساتی پانی بہنے لگا جبکہ شہر اور کارونجھر پہاڑ کی چوٹیاں بھی دھل گئیں اور ماحول شفاف ہوگیا۔بارش کے سبب لوگوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے تاہم متعدد مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں جس سے 12 سالہ لڑکی جاں بحق اور 3 اونٹ مرگئے ہیں۔
