100 سالہ خاتون نے اپنی لمبی عمر کا کیا راز بتایا؟ جان کر آپ کو بھی ہنسی آجائے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کی میری ایمرسن نامی خاتون نے گزشتہ ماہ اپنی 100ویں سالگرہ منائی۔ سالگرہ پر ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی طویل عمر کا ایسا حیران کن راز بتایا کہ سن کر ہنسی آ جائے۔ میل آن لائن کے مطابق میری ایمرسن کا کہنا تھا کہ ”میں تمام عمر باقاعدگی سے قیمے والے رول (Sausage roll)کھاتی رہی ہوں اور میرے خیال میں یہی میری طویل العمری کا راز ہے۔ ہاں اس کے ساتھ ہمیشہ مثبت سوچنا بھی اس کا راز ہو سکتا ہے کیونکہ میں نے زندگی بھر مثبت سوچ اپنائے رکھی ہے۔“برطانوی شہر سٹین سٹیڈ کی رہائشی میری ایمرسن کا کہنا تھا کہ ”میں تمام عمر اپنے لیے خود قیمے والے رول بناتی رہی ہوں، یہ رول بنان مجھے بے حد پسند تھا اور آج بھی ہے مگر اب مجھے گریگز بیکری پر انحصار کرنا پڑتا ہے کیونکہ اب میں بہت بوڑھی ہو گئی ہوں۔ تاہم میں اب بھی خاص مواقع، بالخصوص کرسمس پر اپنی پڑپوتی کے ساتھ مل کر ساسیج رول بناتی ہوں۔ “ واضح رہے کہ میری اور اس کی جڑواں بہن جینی 1919ءمیں قبل از وقت پیدا ہوئی تھیں اور ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ دونوں زیادہ دن تک زندہ نہیں رہیں گی۔ ڈاکٹروں کی یہ پیش گوئی غلط ثابت ہوئی۔ جینی کا 1981ءمیں انتقال ہوا جبکہ میری تاحال اچھی صحت کے ساتھ زندہ ہیں اور 100سال کی ہو چکی ہیں۔
