کے الیکٹرک شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائے،عمر ایوب خان نے ہدایت جاری کر دی

 کے الیکٹرک شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائے،عمر ایوب خان نے ...
 کے الیکٹرک شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائے،عمر ایوب خان نے ہدایت جاری کر دی

  

کراچی(ڈیلی  پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائے، ہم کے الیکٹرک کو 650 کے بجائے 800 میگا واٹ بجلی دے رہے ہیں، 190 کے بجائے 250 سے 280 ایم ایم سی ایف ڈی گیس بھی دی جارہی ہے،کے الیکٹرک کو فرنس آئل فراہمی میں کوئی کمی نہیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت کراچی میں بجلی فراہمی سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب، وفاقی سیکریٹری توانائی عمر رسول ویڈیو لنک پر شریک ہوئے۔اجلاس میں پی ٹی آئی، ایم کیو ایم پاکستان، جی ڈی اے کے اراکین صوبائی اسمبلی، کے الیکٹرک کے سی ای او مونس عبداللہ علوی بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ ہم کے الیکٹرک کو 650 کے بجائے 800 میگا واٹ بجلی دے رہے ہیں، 190 کے بجائے 250 سے 280 ایم ایم سی ایف ڈی گیس بھی دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹر ک کو فرنس آئل فراہمی میں کوئی کمی نہیں ہے، شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کراچی میں بجلی کی مسلسل فراہمی کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے، اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جاسکتی، کے الیکٹرک نے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعوی کیا جو پورا نہ ہوا، غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ شہریوں سے ناانصافی کے مترادف ہے فوری ختم کی جائے۔عمران اسماعیل نے کہاکہ وفاق کی جانب سے کے الیکٹرک کو اضافی گیس مہیا کی جارہی ہے اس کے باوجود ایسی صورتحال پیدا ہونا تشویش ناک ہے۔

مزید :

قومی -