بجلی کی بار بار بندش؟

بجلی کی بار بار بندش؟

  

کراچی کے بعد اب لاہور اور دیگر شہروں سے بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کی بار بار ٹرپنگ کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔کراچی کے مکین تو کے الیکٹرک کے حوالے سے مستقل پریشانی میں مبتلا رہتے ہیں۔گرمیوں کی آمد کے بعد تو اکثر علاقے کئی کئی گھنٹے بجلی کی بندش سے متاثر ہوتے ہیں۔ بجلی کی تقسیم کے مرکزی ادارے اور ریجنل کمپنیوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس بجلی فالتو ہے، تاہم اس کے باوجود لاہور سمیت کئی شہروں میں بار بار بجلی بند ہونے کا سلسلہ جاری ہے، جب سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا، لاہور والے بھی پریشانی سے دوچار ہیں، یہاں بار بار بجلی بند ہوتی ہے۔ گزشتہ دو روز سے صورتِ حال یہ ہے کہ بار بار کی ٹرپنگ کی وجہ سے یو پی ایس اور آلات جلنے اور خراب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ شدید موسم سے بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو تکلیف ہو رہی ہے۔ لیسکو حکام نے موقف اختیار کیا کہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی، بجلی فنی خرابی کے باعث بند ہوتی ہے تو پھر بحال کر دی جاتی ہے، وضاحت اپنی جگہ، لیکن عملی صورتِ حال یہ ہے کہ تعلیمی ادارے بند، اکثر صنعتیں اور بازار بند ہونے کے علاوہ باقی کاروبار اور دکانیں بھی شام سات بجے بند ہو جاتی ہیں، ایسی صورت میں بجلی بار بار بند ہونا تعجب انگیز ہے۔ اگر فنی خرابی کی بات مان لی جائے تو پھر ترسیلی نظام ناقص اور پرانا ہو چکا اس کی تزئین نو کا پروگرام جاری ہوتا اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ترسیلی نظام تبدیل کیا جا رہا ہے، لیکن عملی شکل یہ ہے کہ صارفین مشکل میں مبتلا ہیں، وہ مہنگی بجلی خرید کر بھی ضرورت پوری نہیں کر پا رہے۔

مزید :

رائے -اداریہ -