چین بھارت سرحدی تنازع، مودی کا لداخ میں اگلے مورچوں کا دورہ
نئی دہلی (این این آئی) بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے چین کے ساتھ سرحدی تنازع کے بعد لداخ کا دورہ کیا ہے جہاں انہیں بھارتی فوج کی جانب سے علاقے کی تازہ ترین صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارت کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل بپن راوت اور آرمی چیف منوج موکنڈ نراوانے بھی لداخ کے دورے کے موقع پر بھارتی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔مودی نے لداخ میں نموکے مقام پر اگلے مورچوں پر فوجیوں سے خطاب کیا۔دورے کے دوران نریندر مودی کو علاقے کی تازہ ترین صورتِ حال پر فوجی حکام نے بریفنگ بھی دی۔بھارت کے وزیرِ اعظم کو گزشتہ ماہ لداخ کی وادی گلوان میں ہونے والی جھڑپ میں 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد تنقید کا سامنا تھا۔بھارت کی اپوزیشن جماعتیں خصوصا انڈین نیشنل کانگریس نے وزیر اعظم مودی کی پالیسی پر تنقید کی تھی۔ کانگریس کے رہنما راہول گاندھی سمیت دیگر اپوزیشن رہنماوں کا اصرار تھا کہ بھارتی وزیرِ اعظم چین کے ساتھ تنازع کے حقائق سامنے لائیں۔بھارتی وزیرِ اعظم نے دورے کے دوران ہسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں چینی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں میں زخمی ہونے والے بھارتی فوجی زیرِ علاج ہیں۔
مودی دورہ