کراچی میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے اختیارات ڈپٹی کمشنرز کے سپرد

  کراچی میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے اختیارات ڈپٹی کمشنرز کے سپرد

  

کراچی(این این آئی) کمشنر کراچی نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے اختیارات ڈپٹی کمشنرز کے سپرد کر دئیے، ضلع غربی میں دو ہفتے کیلئے اور ملیر میں 5 روز کیلئے توسیع کر دی گئی، دیگر چار اضلاع میں ابھی فیصلہ نہ ہوسکا۔ ڈپٹی کمشنر ملیر کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلشن حدید فیز ون، ٹو، سب ڈویڑن بن قاسم میں 3 سے 7 جولائی تک سخت لاک ڈاؤن رہے گا۔ ضلع غربی میں 3 سے 17 جولائی تک پابندیاں رہیں گی۔سونگل، کیماڑی، سعید آباد، میٹروول، داتا نگر اور مجاہد آباد کی یوسیز میں کئی علاقے سیل رہیں گے، اس دوران میڈیکل سٹورز، گوشت،دودھ کی دکانیں اور چھوٹے جنرل سٹورز ایس او پی کے تحت کھولنے کی اجازت ہوگی۔ خیال رہے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 896 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 78 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 551 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 87 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 78 ہزار 956، سندھ میں 89 ہزار 225، خیبر پختونخوا میں 27 ہزار 170، بلوچستان میں 10 ہزار 666، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 524، اسلام آباد میں 13 ہزار 195 جبکہ آزاد کشمیر میں ایک ہزار 160 کیسز رپورٹ ہوئے۔

کمشنر کراچی

مزید :

صفحہ آخر -