بزرگوں، صحافی اور طلبہ کیلئے سفری رعایت ختم نہیں کی،ترجمان ریلوے

بزرگوں، صحافی اور طلبہ کیلئے سفری رعایت ختم نہیں کی،ترجمان ریلوے

  

لاہور(لیڈی رپورٹر) پاکستان ریلوے کے ترجمان نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جس میں کہا گیاہے کہ ریلوے نے بزرگ شہریوں، صحافیوں اور طلبہ کے لیے سفری رعائیت ختم کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت ریلوے نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظرعوام کی سہولت کے لیے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اجازت لے کر142ٹرینوں میں سے اپ اینڈ ڈاؤن کی 30 ٹرینیں 60فیصد ایکوپینسی سے بحال کی گئیں۔ بعدازاں جن کی تعداد میں 10 مزیداپ اینڈ ڈاؤن کی ٹرینوں کا اضافہ کیاگیا۔ 25مارچ سے لے کر 19مئی تک ریلوے کا ٹرین آپریشن تقریباً ایک ماہ پچیس دن کے لئے مکمل طور پر بند رہا۔اس دوران پاکستان ریلوے کو روزانہ کی بنیاد پر ایک کروڑ روپے کے خسارے کا سامنا تھا۔ اس سے پہلے بھی محکمہ خسارے کا شکار تھا تاہم محکمہ اپنے خسارے کو کم کرنے کے لیے دن رات محنت کررہاہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جیسے ہی صورتحال بہتر ہوگی ٹرینیں سسٹم پر بحال ہوجائیں گی ہرقسم کی سفری رعایتی ٹکٹ ویسے ہی دی جائیں گی جیسے پہلے پاکستان ریلوے دے رہا تھا لہٰذا یہ کہنا کہ پاکستان ریلوے نے ہر قسم کی سفری رعائیت بند کردی ہے یہ سراسر حقائق کے منافی ہے۔ یہ عارضی معطلی کو مستقل نہ سمجھا جائے جیسے ہی حالات ٹھیک ہوں گے اور ٹرینیں بحال ہوں گی صحافیوں، بزرگ شہریوں اور طلبہ کی سہولیات دوبارہ بحال کردی جائیں گی۔

ترجمان ریلوے

مزید :

صفحہ آخر -